چتور کی مئیر کے قتل کے اصل ملزم کی عدالت میں خود سپردگی

چتور ( اے پی ) 30 نومبر ( پی ٹی آئی ) چتور کی مئیر کٹاری انورادھا اور ان کے شوہر کے موہن کیقتل کیس میں اصل ملزم چندر شیکھر عرف چنٹو نے آج عدالت میں خود سپردگی اختیار کرلی ۔ مئیر اور ان کے شوہر کے قتل کے دو ہفتوں بعد ملزم نے خود کو عدالت میں پیش کردیا ۔ عدالت نے ابتداء میںچندر شیکھر عرف چنٹو کو عدالتی تحویل میں دیدیا تھا تاہم بعد میں اسے 14 ڈسمبر تک پولیس تحویل میں بھیج دیا گیا ۔ چتور کے سپرنٹنڈنٹ پولیس جی سرینواس نے بتایا کہ چنٹو نے آج خود سپردگی اختیار کرلی اور عدالت نے اسے عدالتی تحویل میں دیدیا تھا ۔ پولیس نے پوچھ تاچھ کیلئے اس کو تحویل میں لینے عدالت میں درخواست دائر کی تاکہ تحقیقات کو آگے بڑھایا جاسکے ۔ عدالت نے بعد ازاں اسے 14 دن پولیس تحویل میں دیدیا ۔ عدالتی احکام کے بعد چنٹو کو جیل روانہ کردیا گیا جہاں سے پولیس نے اسے تحویل میں لے لیا ۔ چنٹو موہن کا بھانجا ہی بتایا گیا ہے اور وہ تلگودیشم مئیر اور ان کے شوہر
کے قتل کے بعد سے فرار  تھا ۔ اس پر الزام ہے کہ اس نے چتور میونسپل کارپوریشن کے ذفتر میں 17 نومبر کو گھس کر مئیر اور ان کے شوہر پر نہ صرف فائرنگ کی تھی بلکہ ان پر کم از کم چھ بار چاقو سے حملہ بھی کیاتھا ۔ آج چنٹو کی خود سپردگی کے بعد اس کیس میں اب تک پولیس کی جانب سے گرفتار کئے گئے افراد کی تعداد بڑھ کر 4 ہوگئی ہے ۔ اس کیس میں جملہ گیارہ افراد کو ملزم قرار دیا گیا ہے ۔ ان میں وینکٹ چلپتی ( ساکن کرناٹک ) جئے پرکاش ریڈی اور منجوناتھ کو پہلے ہی گرفتار کیا گیا تھا ۔