چانسلر زیتونہ یونیورسٹی، تیونس کا دورہ دائرۃ المعارف

حیدرآباد 29 نومبر (راست) چانسلر زیتونہ یونیورسٹی، تیونس، پروفیسر ڈاکٹر عبدالجلیل سالم نے جو سرکاری دعوت پر حیدرآباد تشریف لائے تھے، کل یعنی بروز ہفتہ دائرۃ المعارف العثمانیۃ کا تفصیلی و علمی دورہ کیا۔ تمام ڈپارٹمنٹوں کا مشاہدہ کیا اور اس کے بعد شعبہ تحقیق (Dept. of Research) کا تفصیلی معائنہ کیا اور اس کے قدیم و جدید علمی و تحقیقی نایاب نادر مخطوطات (قلمی نسخوں) پر تحقیق و تعلیق کے کام سے بے حد متاثر ہوئے اور دائرہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے فرمایا : ’’یہ وہ ادارہ ہے جس نے سارے عالم میں اسلامی اور عربی علوم و فنون کو فروغ دینے میں بے مثال خدمات پیش کی ہیں اور ہم اللہ تعالیٰ سے اُمید رکھتے ہیں کہ وہ اِس کے ذمہ داروں کو اس بات کی توفیق دے کہ وہ اس کی ترقی و بقاء میں اس کے ماضی کی طرح کوشش کرتے رہیں۔ ہم اس کے احسان مند ہیں کہ اس نے ہمارے علمی اثاثہ کو ہم تک اور آنے والی نسلوں تک رسائی کا سبب بنا اور اگر یہ ادارہ نہ ہوتا تو ہم اپنے علمی و تحقیقی اثاثہ سے محروم رہ جاتے‘‘۔ اور اُنھوں نے کہاکہ عنقریب دائرۃ المعارف اور زیتونہ یونیورسٹی تیونس کے درمیان علمی و ثقافتی تعاون و یادگار مفاہمت طے کیا جائے گا تاکہ دونوں ملکوں کے ثقافتی روابط اور علمی کام آگے بڑھ سکے۔ نیز اُنھوں نے دائرہ کے ایک وفد کو تیونس بلانے کا تیقن بھی دیا۔ انھوں نے دائرہ کے تحقیقی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے حضرت خواجہ بندہ نواز رحمۃ اللہ علیہ کی تفسیر الملتقط (صوفیانہ و عارفانہ تفسیر) کی ستائش کی اور اس کے اقتباسات پڑھ کر بندہ نواز کی عربی دانی اور اس کے علمی و تحقیقی کام سے بہت متاثر ہوئے۔ اسی طرح خواجہ صاحب کی معارف العوارف جو عوارف المعارف کی شرح پر مشتمل ہے جو تحقیق و تعلیق کے بعد چھپ چکی ہے، مطالعہ کیا۔ مزید اُنھوں نے اس ادارہ کی مالی سرپرستی پر حکومت تلنگانہ اور تحقیقی و علمی خدمات پر اس کے ڈائرکٹر پروفیسر محمد مصطفی شریف، چیف ایڈیٹر محمد عمر الہاشمی اور جمیع مصحین شعبہ تحقیق کو مبارکباد پیش کی۔