چار ممالک کے سفیروں کی ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی سے ملاقات، تلنگانہ کی ترقی کی ستائش

حیدرآباد۔ 29 جون (سیاست نیوز) چار مختلف ممالک میں ہندوستان کے سفیروں اور ہائی کمشنرس نے آج ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی سے خیرسگالی ملاقات کی۔ ڈاکٹر اوصاف سعید ہائی کمشنر سیچلس، روی شنکر سفیر برائے لائوس، سبا رائیوڈو سفیر برائے پیرو اور وانی رائو ہائی کمشنر فن لینڈ نے تلنگانہ میں ترقیاتی اسکیمات کی ستائش کی اور کہا کہ چار سال کے مختصر عرصہ میں متاثر کن ترقیاتی پراجیکٹس کا آغاز کرتے ہوئے تلنگانہ نے ہندوستان میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے جو خوش آئند ہے۔ انہوں نے تلنگانہ میں ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات کی بھی ستائش کی۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے کہا کہ ریاست کی ترقی کا سہرا چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو کے سر جاتا ہے جن کی دوراندیشی اور محنت نے تلنگانہ کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے۔ کے سی آر نے محض چار برسوں میں تلنگانہ کو بین الاقوامی سطح پر کھڑا کردیا۔ صنعتوں کے قیام میں مختلف رعایتوں اور سہولتوں کے ذریعہ بین الاقوامی صنعت کاروں کو تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے لیے راغب کیا ہے۔ دنیا کی کئی معروف کمپنیوں نے تلنگانہ میں اپنے یونٹ قائم کیے ہیں۔ ملک کی کسی بھی ریاست میں تلنگانہ کی طرح انڈسٹریل فرینڈلی پالیسی نہیں ہے۔ محمود علی نے فلاحی اسکیمات کا ذکر کیا اور کہا کہ حال ہی میں اراضیات کا کامیاب سروے کیا گیا اور متعلقہ مالکین کو پٹہ پاس بکس جاری کیے گئے۔ تلنگانہ ملک کی پرامن ریاست ہے اور فرینڈلی پولیسنگ کی منصوبہ بندی قیام امن میں کامیاب ثابت ہوئی ہے۔ تلنگانہ پر ملک کے عوام کی نظریں ہیں اور وہ اپنی حکومتوں سے تلنگانہ کی طرح فلاحی اسکیمات کے آغاز کا مطالبہ کررہے ہیں۔ محمود علی نے بتایا کہ مختلف زمرہ جات میں تلنگانہ کو اعزاز اور ایوارڈ حاصل ہوا ہے۔