چار عرب ممالک عالمی قوانین کے مخالف، قطر کا الزام

دوحہ ۔31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) قطر نے 4 عرب ممالک کی طرف سے پیش کردہ مشروط مذاکرات کا مطالبہ رد کر دیا ہے۔ قطر ی وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی نے کہا ہے کہ ہم پر عائد پابندیاں عالمی قوانین کے خلاف ہیں۔ وزیرخارجہ نے الجزیرہ چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم پر پابندیاں لگانے والے ممالک عالمی قوانین کی خلاف ورزی سے بے خبر ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب ،بحرین،متحدہ عرب امارات اور مصر کے وزرائے خارجہ نے بحرین میں ملاقات کے دوران قطر کے ساتھ مشروط بات چیت کا عندیہ دیا تھا۔ بحرین کے وزیر خارجہ شیخ خالد بن احمد الخلیفہ نے کہا کہ اگر قطر دہشت گردوں کو مالی اعانت بند کرتے ہوئے ہماری 13شرائط مان لے تو بات چیت ہو سکتی ہے۔ان شرائط میں اخوان المسلمین کی حمایت ترک کرنے،الجزیرہ چینل کو عرب ممالک کے خلاف استعمال نہ کرنے اور قطر میں موجود ترک فوجی اڈہ بند کرنے جیسے مطالبات شامل ہیں جنہیں حکومت قطر مسترد کرتی آرہی ہے۔