چار سو مکانات کی تعمیر سے مسئلہ کی عدم یکسوئی

آرمور کے ہر دیہات کیلئے صرف 6 مکانات، بے گھر افراد تشویش کا شکار
آرمور۔یکم نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ ریاستی حکومتنے غریب بے گھر افراد کے لئے انتخابی منشور میں کئے گئے۔ وعدے کے تحت ڈبل بیڈروم مکان بنانے کا اعلان کیا اور اسکا سنگ بنیاد چند دن قبل دسہرہ تہوار کے دن وزیر اعلی تلنگانہ کے چندر شیکھر رائو کے ذریعہ کیا گیا اور مختلف اسمبلی حلقہ جات میں ریاستی وزراء رکن اسمبلی کے ذریعہ کیا گیا۔ اس طرح ریاستی حکومت نے اعلان کیا کہ ہر اسمبلی حلقہ میں 400مکانات تعمیر کرواکر دیئے جائیں گے اور ہر ڈبل بیڈروم مکان کے لئے 5 لاکھ 4 ہزار روپئے اور اس میں بنیادی سہولتیں بہم پہنچانے کیلئے 1.25 لاکھ (ایک لاکھ پچیس ہزار )روپئے بیت الخلا، برقی، پانی کے لئے خرچ ہوں گے۔ اس طرح ہر ڈبل بیڈروم کے مکان کو جملہ 6 لاکھ 29 ہزار کا خرچ ہوگا لیکن یہاں آرمور حلقہ اسمبلی میں تین منڈل جات ہیں اس طرح ان میں تقریباً 70 دیہات ہیں اگر ان 70 دیہات میں 400 مکانات تقسیم کئے جائیں تو ایک اندازے کے مطابق ہر دیہات کو 6 مکانات آئیں گے اور اگر کچھ دیہاتوں کو منتخب کرتے ہوئے بھی یہ مکانات دیئے جائیں تو بھی بالکل طور پر ناکافی ہیں لیکن یہاں اسمبلی حلقہ میں سینکڑوں کی تعداد میں بے گھر افراد موجود ہیں اور ہزاروں کی تعداد میں عوام عہدیداروں اور مقامی سرپنچ اور عوامی نمائندوں کو اس ڈبل بیڈروم مکان کیلئے درخواستیں دے رہے ہیں۔ یہاں کی عوام کی خواہش ہے کہ ان چند مکانات میں ہمارا مکان بھی ہو۔ ان بے گھر افراد کے انتخاب میں عہدیداروں کے لئے بھی کافی مشکلیں ہیں۔