چارمینار کے بشمول کئی مقامات پر کل سے وائی فائی خدمات کا آغاز

صرف 30 منٹ تک مفت ، اضافی وقت پر چارجس کی وصولی ، دیگر مقامات پر بھی توسیع کا منصوبہ
حیدرآباد 31 مئی (سیاست نیوز) تاریخی چارمینار کے علاوہ مکہ مسجد اور دیگر تاریخی عمارتوں کے گرد و پیش میں 2 جون سے مفت وائی فائی سرویس حاصل رہے گی۔ حکومت کے منصوبہ کے مطابق 2 جون کو شہر کے تاریخی مقامات بالخصوص چارمینار، مکہ مسجد، برلا مندر، برلا سائنس میوزیم، تارہ متی بارہ دری، عابڈس کے علاوہ باغ عامہ کے علاقوں میں مفت وائی فائی سرویس شروع کردی جائے گی۔ حکومت نے شہر حیدرآباد کو مکمل طور پر وائی فائی انٹرنیٹ سہولت سے مربوط کرنے کا اعلان کیا ہے اور وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی مسٹر کے ٹی راما راؤ اِس منصوبہ کو جاریہ سال کے اواخر سے قبل مکمل کرنے کا تہیہ کئے ہوئے ہیں۔ ریاست کی پہلی یوم تاسیس تقریب کے موقع پر مذکورہ علاقوں میں وائی فائی خدمات شروع کردی جائیں گی جہاں پر عوام روزانہ نصف گھنٹے تک مفت وائی فائی خدمات سے استفادہ حاصل کرسکیں گے۔ گزشتہ دنوں حکومت کی جانب سے ٹینک بینڈ، این ٹی آر گارڈن، نیکلس روڈ کے علاوہ اطراف کے علاقوں میں مفت وائی فائی خدمات کا آغاز کیا تھا اور اس کے کامیاب تجربہ کے بعد بی ایس این ایل کے ذریعہ وائی فائی خدمات کو مزید وسعت دینے کے اقدامات کئے جانے لگے ہیں۔ محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے عہدیداروں کے بموجب حکومت کے منصوبہ کے مطابق مفت وائی فائی خدمات کو دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے سرکاری دواخانوں میں بھی شروع کیا جائے گا۔ ابتدائی طور پر ماہ جون کے دوران گاندھی ہاسپٹل، نمس ہاسپٹل اور ای این ٹی ہاسپٹل میں وائی فائی خدمات شروع کی جائیں گی تاکہ عوام کو ٹیکنالوجی سے مربوط رکھنے کے ساتھ ساتھ ڈاکٹرس کو عالمی سطح کی ٹیکنالوجی سے آراستہ رکھا جائے گا۔ دواخانوں میں شروع کی جانے والی وائی فائی خدمات سے نہ صرف ڈاکٹرس اور میڈیکل طلبہ استفادہ کرپائیں گے بلکہ عوام بھی جو دواخانے میں ہوں اِن خدمات سے استفادہ کرپائیں گے۔ 10mbps رفتار پر مشتمل وائی فائی خدمات ابتدائی 30 منٹ تک مفت ہوں گی جبکہ اضافی وقت کیلئے صارفین کو پری پیڈ ری چارج واؤچر خریدنے ہوں گے۔ حیدرآباد کو اسمارٹ سٹی میں تبدیل کرتے ہوئے عالمی معیار کا شہر بنانے کے لئے یہ ضروری ہے کہ شہر میں عصری ٹیکنالوجی سے آراستہ انفراسٹرکچر فراہم کیا جائے۔ حکومت تلنگانہ نے جو منصوبہ تیار کیا ہے اُس کے مطابق شہر کے 2 ہزار مقامات پر وائی فائی سہولتوں کی فراہمی ہے۔ پہلے مرحلہ کے اِس منصوبہ کے تحت حکومت دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے دو ہزار مقامات پر وائی فائی خدمات فراہم کررہی ہے جس میں تاریخی مقامات کے علاوہ تفریحی و سیاحتی علاقوں کے ساتھ ساتھ شہر کی مصروف ترین شاہراہیں شامل ہیں۔ آئندہ 6 ماہ کے دوران حکومت کی جانب سے ریاست بھر کے 50 مواضعات کا انتخاب کرتے ہوئے اُن میں وائی فائی خدمات کو وسعت دینے کا منصوبہ ہے۔