پی ڈی پی کو غیر مشروط تائید کی پیشکش برقرار : این سی

سرینگر ۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نیشنل کانفرنس نے آج کہاکہ جموں و کشمیر میں تشکیل حکومت کے لئے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی پی ڈی پی کے لئے غیر مشروط تائید کی اُس کی پیشکش بدستور غیر متبدلہ ہے لیکن دوہرایا کہ ابھی تک یہ علاقائی پارٹی یا کانگریس نے اُس سے اتحاد کے لئے کوئی رابطہ نہیں کیا ہے۔ این سی ترجمان جنید عظیم متو نے یہاں کہاکہ جیسا کہ ہمارے کارگذار صدر عمر عبداللہ بیان کرچکے ہیں کہ پی ڈی پی کیلئے ہماری غیر مشروط تائید بدستور برقرار ہے اور اِس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ پی ڈی پی ریاست میں واحد بڑی پارٹی کے طور پر ابھری ہے۔ این سی ترجمان نے کہاکہ پارٹی نے پی ڈی پی کیلئے اپنی تائید اِس ریاست کے فائدے کے لئے پیش کی ہے اور اِس لئے کہ پارٹی کو اپنے ’’واضح علاقائی ایجنڈہ‘‘ پر کوئی ’’مفاہمت‘‘ نہ کرنا پڑے۔