پی ڈی ایکٹ کے تحت گرفتار بدنام زمانہ روڈی شیٹرس مختلف جیل منتقل

حیدرآباد /27 فروری ( سیاست نیوز ) ریاستی حکومت تلنگانہ نے آج پی ڈی ایکٹ کے تحت گرفتار بدنام زمانہ روڈی شیٹرس و دیگر مجرمین جنہیں چرلہ پلی جیل میں محروس رکھا گیا ہے کو تلنگانہ کے مختلف جیلوں کو منتقل کرنے کے احکامات جاری کئے ۔ چرلہ پلی جیل کے سپرنٹنڈنٹ نے حکومت کو ایک مکتوب روانہ کیا تھا جس میں بتایا تھا کہ ان کی جیل میں صرف 1470 قیدیوں کو محروس رکھنے کی گنجائش ہے لیکن 1800 سے زائد محروسین موجود ہے اور پی ڈی ایکٹ کے تحت گرفتار کئے گئے افراد کو محروس رکھنے کی سہولت نہیں ہے۔ اس سلسلے میں حیدرآباد سٹی پولیس کے اسپیشل برانچ نے بھی حکومت کو ایک خفیہ رپورٹ پیش کی تھی جس میں یہ بتایا کہ پی ڈی ایکٹ کے تحت گرفتار کئے گئے خطرناک مجرمین کو ایک ہی جیل میں محروس رکھنے کے سبب کئی مجرمانہ سازشیں رچنے اور روڈی شیٹرس کے گروپس میں تصادم ہونے کا خطرہ لاحق اور انہیں ریاست کے مختلف جیلس کو منتقل کیا جائے ۔ حکومت نے محکمہ جیل اور حیدرآباد سٹی پولیس کی درخواست پر 12 روڈی شیٹرس کو ریاست کے مختلف جیلوں کو منتقل کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ۔ جس کے تحت محمد یوسف عرف جنگلی یوسف ، محمد قیصر اور محمد تنویر عرف تنو کو ورنگل جیل منتقل کرنے جبکہ محمد فردوس ، محمد لطیف ، عابد بن خالد کو کریم نگر جیل ، پی سدھاکر ریڈی ، سید فرید کو نظام آباد ، بی راجو ، محمد الیاس بن حبیب سالم کو عادل آباد جیل ، محمد مجید اور محمد یوسف خان عرف بارڈر یوسف کو ضلع جیل کھمم منتقل کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔