پی وی سندھو نے مکاؤ اوپن گرانڈ پری سنگلز خطاب جیت لیا

وومن سنگلز خطاب کی ہیٹ ٹرک مکمل ۔ فائنل میں جاپانی کھلاڑی میناتسو میٹانی کو شکست

مکاؤ 29 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) دو مرتبہ کی دفاعی چمپئن پی وی سندھو نے وومنس سنگلز خطاب میں ہیٹ ٹرک مکمل کرتے ہوئے مکاؤ اوپن گرانڈ پری گولڈ کا سنگلز خطاب جیت لیا ہے ۔ انہوں نے 120,000 ڈالرس انعامی رقم والی مکاؤ اوپن کے فائنل میں جاپان کی میناتسو میٹانی کو شکست دے کر کامیابی حاصل کرلی ۔ سندھو نے عالمی سطح پر خواتین سنگلز رینکنگ میں چھٹی رینکنگ رکھنے والے میٹانی کے خلاف یہ میچ 21 – 9, 21 – 23, 21 – 14 سے جیت لیا ۔ انہوں نے ابتداء ہی سے شاندار مظاہرہ کا سلسلہ جاری رکھا اور آخری تک اپنی گرفت بنائے رکھی ۔ پہلے گیم میں انہوں اچھی کامیابی کے بعد دوسرے گیم میں سندھو کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تاہم تیسرے گیم میں انہوں نے اپنے مظاہرہ کو بحال کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرلی ۔ عالمی سطح پر سنگلز رینکنگ میں 12 مقام رکھنے والی ہندوستانی اسٹار سندھو نے میچ کے دوران بہترین اسٹروکس کھیلے اور ان کے ریٹرنس بھی بہترین رہے جن کا جاپانی کھلاڑی مقابلہ نہیں کرسکیں۔ میٹانی کو میچ کے دوران سارے کورٹ پر تیزی سے دوڑ لگانی بھی پڑ رہی تھی کیونکہ سندھو نے اپنے شاٹس الگ الگ انداز سے لگائے ۔ ابتداء سے ہی سندھو نے اپنا دبدبہ بنالیا تھا جب جیٹانی نے مسلسل غلطیاں کی تھیں۔ ایک موقع پر سندھو نے پہلے گیم میں اسکور 11 – 5 کرلیا تھا ۔ میٹانی نے بریک کے بعد قدرے جارحانہ تیور اختیار کئے تھے

لیکن اس کا بھی انہیں کوئی فائدہ نہیں ہوا اور سندھو نے اپنے کھیل میں استقلال کو برقرار رکھتے ہوئے 17 – 6 کی سبقت حاصل کرلیتھی ۔ سندھو نے اپنے کھیل کو نشانہ پر رھا اور انہوں نے 19 – 9 تک سبقت بنالی تھی ۔ سندھو کے اینگل لئے ہوئے ریٹرنس سے میٹانی کو زیادہ مشکل پیش آ رہی تھی ۔ جاپانی کھلاڑی کو پہلے گیم میں 21 – 9 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ دوسرے گیم میں ہندوستانی اسٹار نے اعتماد کے ساتھ کھیل کا آغاز کیا تھا لیکن ان کے لائین مس ہونی شروع ہوئی تھی اور میٹانی نے 4 – 2 کی سبقت حاصل کرلی تھی ۔ ہندوستانی کھلاڑی نے یہاں قدرے بہتری پیدا کرتے ہوئے اسکور کو 7 – 4 کرلیا تھا تاہم انہیں بعد میں مشک پیش آئی ۔ سخت مزاحمت سے بھرے ہوئے دوسرے گیم میں میٹانی نے بھی جارحانہ تیور اختیار کئے تھے اور اپنے کھیل میں روایتی انداز حاصل کرلیا تھا ۔ سندھو نے بھی آسانی سے شکست تسلیم کئے بغیر اپنے کھیل کو بہتر سے بہتر بنانے کا سلسلہ جاری رکھا اور اسکور کو آگے بڑھاتی رہیں۔ ایک موقع پر دونوں کا اسکور 16 – 16 تک مساوی رہا ۔ اسکے بعد دونوں میں زبردست مقابلہ ہوا لیکن جاپانی کھلاڑی میٹانی نے سبقت حاصل کرلی اور 23 – 21 سے یہ گیم جیت لیا ۔ تیسرے گیم میں سندھو نے اپنی غلطیوں پر قابو کرلیا تھا اور اچھے اسٹروکس لگانے لگیں۔ میٹانی کو تیسرے گیم میں اپنے دوسرے گیم کا کھیل برقرار رکھنے میں مشکل پیش آ رہی تھی اور اس کا خمیازہ انہیں یہ گیم اور خطاب میں شکست کھا کر بھگتنا پڑا ۔ یہ گیم پی وی سندھو نے 21 – 14 سے جیت کر خطاب اپنے نام کرلیا ۔