پی سی بی کو نشریاتی حقوق کی فروخت میں مشکلات

لاہور 31 اگست (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ کو یو اے ای میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف دو سیریز کے نشریاتی حقوق کی فروخت میں مشکلات کا سامنا ہے، دونوں سیریز کیلئے اب تک کوئی بولی نہیں ملی، پاکستان کرکٹ بورڈ کو یواے ای میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف دو سیریز کے نشریاتی حقوق فروخت کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ پی سی بی نے دونوں سیریز کے نشریاتی حقوق کے لئے ساڑھے سات سے آٹھ ملین ڈالر رقم مقرر کی تھی لیکن اب تک اسے کوئی بھی پیشکش موصول نہیں ہوئی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق بورڈ کو دونوں سیریز میں دلچسپی رکھنے والے صرف ایک براڈ کاسٹر کی جانب سے ساڑھے پانچ ملین ڈالر کی آفر دی گئی ہے۔ دبئی بیس ادارے سے مذاکرات جاری ہیں لیکن پی سی بی بہتر پیشکش حاصل کرنے کے لئے دوسرے براڈ کاسٹر کو بھی لانے کی کوشش کر رہا ہے۔ پی سی بی نے گذشتہ سال جنوبی افریقہ اور سری لنکا سیریز کے نشریاتی حقوق 8 ملین ڈالر میں فروخت کئے تھے۔ تاہم اس بار8ملین ڈالر بھی نہیں مل رہے کیونکہ براڈ کاسٹرز کی نظر میں نیوزی لینڈ کی اہمیت سری لنکا سے بھی کمتر ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا سے دو اور نیوزی لینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ کھیلنا ہیں۔ براڈ کاسٹر پاک، آسٹریلیا سیریز میں تو دلچسپی رکھتے ہیں لیکن نیوزی لینڈ سے سیریز میں نہیں۔ پی سی بی کو دونوں سیریز کے نشریاتی حقوق چھ سے ساڑھے چھ ملین ڈالر میں فروخت ہونے کی امید ہے۔