پی ای سیٹ 2019 نتائج کا اعلان

حیدرآباد 28 مئی (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں فزیکل ایجوکیشن ٹریننگ کورسیس ڈی پی ایڈ اور بی پی ایڈ میں داخلوں کے لئے منعقدہ پی ای سیٹ 2019 کے نتائج کا اعلان کردیا گیا۔ دونوں کورسیس میں بھی ٹاپ رینکس لڑکیوں کو ہی حاصل ہوئے۔ صدرنشین تلنگانہ ریاستی کونسل برائے اعلیٰ تعلیم پروفیسر ٹی پاپی ریڈی نے دفتر ریاستی کونسل برائے اعلیٰ تعلیم میں پی ای سیٹ 2019 کے نتائج جاری کئے اور بتایا کہ جاری کردہ ان نتائج کو http://pecet.tsche.ac.in طلباء کے مشاہدے کے لئے ویب سائیٹ پر دستیاب رکھے گئے ہیں۔ پروفیسر پاپی ریڈی نے بتایا کہ 29 مئی سے امیدوار اپنے رینک کارڈس مذکورہ ویب سائیٹ کے ذریعہ ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں اور ان کورسوں میں داخلوں سے متعلق کونسلنگ ماہ جون کے آخری ہفتہ کے دوران شروع کی جائے گی۔ انھوں نے بتایا کہ جاریہ ماہ 15 تا 21 مئی اور 24 تا 26 مئی منعقدہ پی ای سیٹ 2019 ء میں ڈی پی ایڈ فزیکل ٹسٹ میں شرکت کے لئے جملہ 2567 امیدواروں نے درخواستیں داخل کئے۔ ان میں 1819 امیدوار ہی شریک ہوئے۔ جن کے منجملہ 1798 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔ اس کے علاوہ بی پی ایڈ کورسیس کے لئے 3111 امیدواروں نے درخواستیں داخل کئے تھے اور 2115 امیدواروں نے ہی ٹسٹ میں شرکت کی جن کے منجملہ 2038 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔