پی ایم بی فراڈ : نیرو مودی کا سی بی آئی تحقیقات میں شمولیت سے انکار

نئی دہلی ۔ 28 فروری (سیاست ڈاٹ کام) عرب پتی جوہری نیرو مودی نے 2 ارب امریکی ڈالر مالیتی فراڈ کی سی بی آئی تحقیقات میں شامل ہونے سے انکار کردیا۔ یہ فراڈ پنجاب نیشنل بینک میں ہوا تھا اور سی بی آئی نے آئندہ ہفتہ ان کی حاضری کا سمن جاری کیا تھا۔ سی بی آئی نے داخلی چیف آڈیٹر ایم کے شرما کو اس سلسلہ میں گرفتار کرلیا ہے۔ سی بی آئی کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے کلیدی ملزم نیرو مودی نے فراڈ کیس کی تحقیقات میں سی بی آئی کے اجلاس پر حاضر ہونے سے انکار کردیا۔ انہیں آئندہ ہفتہ تفتیش کیلئے طلب کیا گیا تھا۔

ہندوستان سے جامع تعاون کا مراقش کو انتظار : سفیر
نئی دہلی ۔ 28 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کو مراقش کا اہم دفاعی شراکت دار قرار دیتے ہوئے مراقش کے سفیر نے آج کہا کہ شمالی افریقہ کا یہ ملک ہندوستان کے ساتھ جامع تعاون کا خواہاں ہے۔ کئی شعبوں بشمول صیانت، معیشت اور سیاحت میں مراقش ہندوستان سے تعاون چاہتا ہے۔ سفیر مراقش برائے ہند ڈاکٹر آسیہ بن صلاح علاوی نے کہا کہ دونوں ممالک کے باہمی تعلقات مستحکم ہیں۔ دونوں ممالک نے شاہ مراقش کے 2015ء میں ہندوستان کے دورہ کے موقع پر تعلقات کے استحکام کا عہد کیا تھا۔