پی آئی اے کیلئے حکومت پاکستان کا خطیر رقمی بیل آوٹ پیاکیج

اسلام آباد ۔ 13 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) حکومت پاکستان نے مالی بحران سے دو چار قومی ایرلائنز پاکستان انٹرنیشنل ایرلائنز (PIA) کو بچانے کیلئے 1700 کروڑ روپئے کا بیل آؤٹ پیاکیج منظور کیا ہے۔ یاد رہیکہ قومی ایرلائنز گذشتہ کئی سالوں سے خسارہ میں چلائی جارہی ہے۔ دی ایکسپریس ٹریبون کی رپورٹ کے مطابق حکومت پاکستان نے پیر کو بیل آؤٹ پیاکیج کو منظوری دی ہے تاکہ اسے آئندہ دو ماہ تک مالی بحران سے راحت ملے اور وہ اپنی سرگرمیاں جاری رکھ سکے۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی حکومت کا یہ پہلا بیل آؤٹ پیاکیج ہے۔ عمران خان کے پاس شہری ہوا بازی کا قلمدان بھی ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ حکومت پاکستان خود بھی معاشی بحران میں مبتلا ہے اور آئی ایم ایف سے 8 بلین ڈالرس کے خطیر رقمی قرض پیاکیج کو حاصل کرنے کوشاں ہے تاکہ ملک کی کمزور ہوتی ہوئی معیشت کو کسی حد تک مستحکم کیا جاسکے۔