پیٹلہ برج مسجد کے راستہ پر برقی ٹرانسفارمر نصب کرنے کی تیاری

جناب زاہد علی خان ’سید عزیز پاشاہ و دیگر کا آج دورہ
حیدرآباد ۔31 ؍ڈسمبر ( راست ) مسجد پیٹلہ برج کے راستے کو مسدود کرتے ہوئے برقی سب اسٹیشن کی تنصیب کے خلاف مقامی مسلمانوں اور مصلیان مسجد کی شکایت پر جناب سید عزیز پاشاہ سابق ایم پی (سی پی آئی) اور جناب عثمان بن محمد الہاجری صدر دکن وقف پروٹیکیشن سوسائٹی نے مسجد کا دورہ کرتے ہوئے مصلیان مسجد اور مقامی حضرات سے ملاقات کی۔مقامی حضرات نے کہا کہ مقامی ایم ایل اے نے مبینہ طور پر مسجد کے قدیم راستے کو بند کرتے ہوئے برقی سب اسٹیشن کے لئے اس جگہ کی نشاندہی کی اور تقریباً 63 کروڑ کی لاگت سے سب اسٹیشن کا کام شروع کروایا گیا جو کہ بالکل غیر درست ہے ۔ جناب سید سید عزیز پاشاہ نے مقامی مسلمانوں کو تیقن دیا کے قدیم راستے کو بحال کرنے کے لئے کل جماعتی قائدین کے ساتھ دورہ کریں گے اور حکومت سے نمائندگی کرتے ہوئے سرکاری زمین پر تنصیب کے لئے حکومت سے نمائندگی کریں گے ۔ جناب عثمان بن محمد الہاجری نے کہا کہ حکومت کے ذمہ داروں کو معلوم ہونا چاہے کہ جس زمین پر برقی سب اسٹیشن کی تنصیب عمل میں لائی جا رہی ہے اس سے متصل پولیس محکمہ کا پٹرول پمپ ہے ۔ محکمہ فائر اینڈسیفٹی کی جانب سے کس طرح اس حساس جگہ پر برقی سب اسٹیشن کے لئے منظوری دی گئی ۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ اسٹیٹ کا سب سے بڑا سرکاری زچگی خانہ بھی اسی اراضی سے متصل ہے ۔ واضح رہے کہ سب اسٹیشن سے مسلسل خارج ہونے والی تابکاری شاعین اور چنگاریوں اور پٹرول پمپ سے خارج ہونے والے آتش بخارات سے فوری آگ بھڑک اٹھتی ہے ‘ جس سے ہونے والی بھیانک تباہی کا اندازہ لگانا مشکل ہے کیونکہ مذکورہ سرکاری زچگی خانے میں ہر روز کئی لوگوں کی آمد و رفت کے علاوہ سینکڑوں نومولود بچے اور ان کی مائیںرہتی ہیں ۔ جناب سید عزیز پاشاہ اور جناب عثمان الہاجری اور مصلیان مسجد نے اس سنگین صورتحال سے جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست کو واقف کروایا ۔ جناب زاہد علی خان نے کہا کہ پیر کو شام چار بجے کل جماعتی وفد کے ساتھ مسجد پیٹلہ برج کا دورہ کریں گے اور اس سلسلے میں حکومت سے بھی غلط فیصلہ کو واپس لینے کے لئے نمائندگی کریں گے ۔ واضح رہے کہ 2013 میں بھی مقامی ایم ایل اے نے مبینہ طور پر اسی مقام پر برقی سب اسٹیشن کے لئے اراضی کی نشاندہی کی تھی جس کے خلاف مصلیان مسجد نے جناب زاہدعلی خان سے رجوع ہو کر مسجد کے راستے کے تحفظ کے لئے نمائندگی کی تھی ۔ اسی وقت بھی جناب زاہد علی خان ‘ جناب لعل جان پاشاہ مرحوم ‘ جناب سید عزیز پاشاہ ‘ سابق ایم پی ‘ جناب محمد عبدالباسط مرحوم سابق کارپوریٹر ‘ جناب علی مسقطی ‘ جناب عثمان الہاجری نے مذکورہ مسجد کا دورہ کرتے ہوئے ۔ سخت احتجاج کیا تھا ۔جس پر اس وقت سب اسٹیشن کا کام روک دیا گیا تھا ۔ مقامی مسلمانوں آج پھر مسجد کے راستہ کی بحالی کے لئے جناب زاہد علی خان سے رجوع ہوتے ہوئے امید کا اظہار کیا کہ کل جماعتی قائدین کا دورہ اورحکومت سے نمائندگی کے بعدہی مقامی قیادت کے غیر دانشمندانہ منصوبے کی تبدیلی عمل میں آئے گی۔