پیٹرسن کی نصف سنچری کے باوجود آسٹریلیا حاوی

ملبورن۔26ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سینئر بیٹسمین کیون پیٹرسن کی نصف سنچری کے باوجود یہاں آج شروع ہوئے ایشیز کے چوتھے ٹسٹ کے پہلے دن آسٹریلیائی ٹیم حاوی رہی جیسا کہ اس نے ٹاس جیت کر انگلش ٹیم کو بیٹنگ کیلئے مدعو کیا اور دن کے اختتام پر 226رنز کے عوض اس کے 6کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھادی ۔ دن کے اختتام پر پیٹرسن 152گیندوں میں چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے غیر مفتوح 67رنز اسکور کرلئے تھے جبکہ ٹم برسنین 13 گیندوں میں ایک رن بنا کر پیٹرسن کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں ۔ آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو بیٹنگ کیلئے مدعو کیا جس نے بہتر آغاز کرتے ہوئے 17اوورس میں پہلی وکٹ کیلئے 48رنز جوڑے ۔ آسٹریلیا کو پہلی کامیابی پیٹرسیڈل نے اُس وقت دلوائی

جب انہوں نے مہمان کپتان السٹر کُک کو مائیکل کلارک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا ۔ کُک نے 47گیندوں کی اپنی اننگز میں 27رنز بنائے جس میں تین چوکے شامل ہیں ۔ آسٹریلیا نے 96رنز کے مجموعی اسکور پر مائیکل کیری بیری کو آؤٹ کرتے ہوئے دوسری کامیابی حاصل کی ۔ کیری بیری واٹسن کی گیند پر بولڈ ہونے سے قبل 103گیندوں میں 6چوکوں کی مدد سے 38رنز اسکور کئے ۔ نمبر تین پر جیوروٹ نے 82گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 24‘ ایان بیل 98گیندوں میں ایک چوکے مدد سے 27 ‘ گذشتہ مقابلہ کے ہیرو بین اسٹوکس 23گیندوں میں ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 14 اور وکٹ کیپر بیٹسمین جیمی بیرسٹو نے 17گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 10رنز اسکور کئے ‘ تاہم کوئی بھی کھلاڑی محتاط آغاز کو بڑی اننگز میں تبدیل نہیں کرپایا ۔ آسٹریلیاکیلئے ہیرس اور جانسن نے فی کس دو وکٹس لئے ۔