پیغمبر اسلامؐ نے ساری انسانیت کو تہذیب و تمدن سکھایا

’’ویلنٹائن ڈے‘‘ پر شعور بیداری مہم ، جناب زاہد علی خاں اور مولانا غلام نبی شاہ کا بیان
حیدرآباد۔ 12 فروری (پریس نوٹ) مختصر سی 23 سالہ نبوت کے ظاہری ظہور کی زندگی میں نبی آخر زماں، خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وسلم نے ایسا مذہبی، روحانی انقلاب برپا کیا ہے۔ ایسا انقلاب نہ چشم فلک نے دیکھا ہے، نہ کسی دنیا کی تاریخ نے درج کیا ہے۔ اس انقلاب نے دنیا کا جغرافیہ بدل دیا۔ حکومتوں کا تختہ الٹ دیئے۔ جدھر جاتے ایمان کی دولت سے مالامال ہوجاتے۔ افسوس کے آج امت مسلمہ، نبی آخر زماںؐ کے عشق کی دعویدار، یہود و نصاریٰ کی سازشوں کا شکار ہوگئی اور ان کے رسم و رواج کو اپناکر اپنی شبیہ کھو رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار داعی اسلام مولانا غلام نبی شاہ نقشبندی نے ’’پردہ : عورت کی حفاظت کا ضامن‘‘ کے پوسٹر کے اجراء کے موقع پر کیا۔ ویلنٹائن ڈے کے موقع پر امت مسلمہ کو دختران ملت کے شعور بیداری مہم پر پوسٹر کا اجراء کرتے ہوئے جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست نے کہا کہ ہر زمانے میں ہونے والے خرافات کے خلاف کام کرنا امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے۔ ہر زمانے میں فسطائی طاقتیں اسلام کے خلاف انسانیت سوز حرکتوں میں ملوث ہوتی ہے۔

معصوم امت اس کا شکار ہوجاتی ہے۔ ہر ایک کو اپنی حیثیت کے مطابق برائی کے خلاف آواز اٹھانا ہے۔ ڈاکٹر محمد سراج الرحمن نے کہا کہ امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے۔ نیکیوں کا حکم کرنا، برائیوں سے روکنا، خود بھی ایمان پر قائم رہنا یہ خیر امت ہے۔ اس کے کندھوں پر تاقیامت آنے والی انسانوں کی بقاء کی ذمہ داری ہے۔ دعوت الی اللہ اور تذکیر میں اس کو محنت کرنا ہے۔ اس محنت پر اس کو بے حساب نعمتوں سے نوازا جائے گا۔ اس محنت میں اخلاص، حکمت، دانائی سے کام کرنا ہوگا جس پر رب العالمین ہمیں دنیا و آخرت کی سرفرازی عطا کرے گا۔ عورت کے لئے پردہ حفاظت کا ضامن پوسٹرس، ترغیبی بیانرس، ڈاکٹر سراج ولا، متصل جامع مسجد عزیزیہ ہمایوں نگر سے حاصل کئے جاسکتے ہیں۔