پیسیفک ممالک کیساتھ ہمارا تعاون حد سے متجاوز : جم میاٹس

واشنگٹن۔ 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکی وزیر دفاع جم میاٹس نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ، پیسیفک ممالک کے ساتھ تعاون کرنے میں اپنی حد سے تجاوز کرسکتا ہے۔ یاد رہے کہ کچھ روز قبل ہی امریکہ نے دنیا کی سب سے بڑی میری ٹائم جنگی مشق میں حصہ لینے کے لئے چین کو مدعو نہیں کیا تھا۔ اس بات کا ایک بار پھر اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ ایک آزاد اور کھلے انڈو ۔ پیسیفک خطے کی ہمیشہ تائید کرتا رہے گا، تاہم پینٹاگان نے یہ بھی کہا کہ بحیرہ جنوبی چین میں چین کی مسلسل فوجی سرگرمیاں اس خطہ میں کشیدگی اور عدم استحکام کو بڑھانے میں اہم رول ادا کررہی ہیں۔ جم میاٹس اس وقت ہوائی روانہ ہورہے ہیں جو یو ایس ۔ پیسیفک کمانڈ کا ہیڈکوارٹرس ہے۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پیسیفک ممالک کے ساتھ تعاون کرنے میں ہم اپنی حد سے تجاوز کررہے ہیں اور دنیا میں کام کاج کرنے کا ہمارا یہی طریقہ ہے۔ پیسیفک میں ہماری جو بھی فوجی سرگرمیاں ہیں، وہ جگ ظاہر اور بالکل شفاف ہیں کیونکہ ہم بین الاقوامی قوانین اور بین الاقوامی ٹریبیونلس میں ایقان رکھتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے ایک اخباری نمائندہ کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہی جہاں اس نے پینٹگان کے حالیہ فیصلہ کے بارے میں پوچھا تھا کہ چین کو میری ٹائم جنگی مشق میں حصہ لینے کیلئے مدعو کیوں نہیں کیا گیا۔