پیرس میں ماحولیاتی چوٹی کانفرنس سے قبل احتجاجی مظاہرے

پیرس ۔ /29 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کل سے شروع ہورہی ماحولیاتی چوٹی کانفرنس میں ہندوستانی پویلین کا افتتاح انجام دیں گے جس میں ہندوستان کی فطرت کے ساتھ ہم آہنگی اور کاربن کے اخراج کو روکنے کیلئے ماحولیاتی ایکشن پلان کو اجاگر کیا گیا ہے ۔ وزارت ماحولیات کے عہدیداروں نے بتایا کہ ای بک کے ذریعہ ماحولیاتی اہمیت واضح کی گئی ہے ۔ وزیر ماحولیات پرکاش جاودیکر نے کہا کہ ترقی یافتہ دنیا کو عالمی حدت روکنے کیلئے متوازن لائحہ عمل اختیار کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کے اہم مقاصد کو پیش نظر رکھتے ہوئے ماحول کا تحفظ یقینی بنانا ضروری ہے ۔ دوسری طرف پیرس میں ماحولیاتی تبدیلی کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا جہاں پولیس کو آنسو گیاس کا استعمال کرنا پڑا اس کے علاوہ کئی کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا ۔یہ احتجاجی مظاہرے ایمرجنسی کے نعرے لگارہے تھے اور ان کا اشارہ /13 نومبر کو ہوئے دہشت گرد حملے کی طرف تھا ۔