پیرس میں انڈین ایرفورس کے دفتر میں جاسوسی ؟

رافیل طیاروں کی حصولیابی کے
امور میں مداخلت کی کوشش
نئی دہلی ۔ 22 مئی (سیاست ڈاٹ کام) جاسوسی کے مشتبہ معاملہ میں انڈین ایرفورس کے پیرس میں واقع اس دفتر میں اتوار کو قفل شکنی کی گئی جہاں سے ہندوستان کیلئے 36 رافیل لڑاکا جیٹ طیاروں کی حصولیابی کے امور کی نگرانی ہورہی ہے، ملٹری ذرائع نے یہ بات کہی۔ پیرس کے مضافات میں آئی اے ایم کی پراجکٹ مینجمنٹ ٹیم کے دفتر میں غیرمتعلقہ اشخاص کا ایک گروپ گھسا۔ اس معاملہ کی مقامی پولیس تحقیقات کررہی ہے کہ آیا یہ کوشش طیاروں کی معاملت سے متعلق راز کی معلومات کے سرقہ کی کوشش تو نہیں؟ ابتدائی جانچ کے مطابق کچھ بھی ڈیٹا یا ہارڈویر کی چوری نہیں ہوئی ہے۔ مقامی پولیس اس پورے واقعہ کی ہر زاویہ سے تحقیقات کررہی ہے۔ ذرائع نے کہا کہ فضائیہ نے اس واقعہ کی وزارت دفاع کو اطلاع دی اور پیرس میں ہندوستانی سفارتخانہ بھی فرانسیسی حکام کے ساتھ ربط میں ہے۔ آئی اے ایف کا رافیل پراجکٹ مینجمنٹ کا آفس رافیل جیٹ بنانے والی کمپنی ڈسالٹ ایوی ایشن کے کامپلکس میں واقع ہے۔ فی الحال وزارت دفاع یا آئی اے ایف کی طرف سے اس واقعہ کے بارے میں سرکاری طور پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔ ذرائع نے کہا کہ ہتھیاروں کے پیاکیج یا رافیل جیٹ طیاروں کے Avionics سے متعلق مواد کی چوری کے سنگین اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ آئی اے ایف پراجکٹ مینجمنٹ ٹیم کی سربراہی گروپ کیپٹن کررہے ہیں اور یہ دو فائٹر پائلٹس اور دیگر حکام پر مشتمل ہے۔