پیراشوٹ کے بغیر 25 ہزار فٹ سے چھلانگ

کیلیفورنیا ، یکم اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے لیوک ایکنز پہلے ایسے انسان ہیں جنھوں نے کامیابی کے ساتھ 25 ہزار فٹ کی بلندی سے بغیر پیراشوٹ کے چھلانگ لگائی اور بحفاظت جال میں گرے۔ ایکنز نے مختلف بلندیوں سے تقریباً 18 ہزار بار چھلانگ لگا رکھی ہے۔ انھوں نے یہ چھلانگ جنوبی کیلیفورنیا کے سیمی ویلی میں لگائی اور جال کے مرکز میں گرے۔ دو منٹ پر مشتمل ان کی مہم کو فاکس ٹی وی پر براہ راست نشر کیا گیا۔ گرنے کے دوران 42 سالہ ایکنز نے 120 میل یعنی تقریباً 193 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار حاصل کی۔ انھوں نے اعتراف کیا کہ چھلانگ لگانے سے قبل وہ نروس تھے۔ ایکنز جو کہ امریکہ میں پیراشوٹ اسوسی ایشن میں مشیر ہیں انھوں نے بتایا کہ ان کے دوست کو دو سال قبل یہ خیال آیا تھا۔ انھوں نے کہا: ’’یہ بس ہو گیا۔ میرے منہ سے تو الفاظ نکل ہی نہیں رہے ہیں۔‘‘ انھوں نے کہا کہ ایک وقت وہ اس چھلانگ کو منسوخ کرنے کا ارادہ کر رہے تھے کیونکہ انھیں حفاظتی اقدام کے طور پر پیراشوٹ پہننے کا حکم دیا گیا تھا اور اس کے اضافی وزن کی وجہ سے ان کا گرنا اور بھی مشکل ہو جاتا۔ تاہم منتظمین نے چھلانگ سے ذرا قبل یہ شرط ہٹا لی۔ ان کے ترجمان جسٹن ایکلن نے کہا: ’’ایکنز کی چھلانگ ان کے 26 سالہ کریئر کی انتہا ہے جس میں انھوں نے بغیر پیراشوٹ اور ونگ سوٹ کے سب سے زیادہ بلندی سے چھلانگ کا اپنا اور عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔‘‘