پہلا سال بچے کیلئے انتہائی اہم

امراض اطفال اور دیگر ماہرین کا کہنا ہے کہ پیدائش کا پہلا سال بچے کیلئے انتہائی اہم ہوتا ہے جو اس کی آنے والی پوری زندگی کا احاطہ کرتا ہے ۔ جو مائیں خود وٹامن ڈی کی کمی کا شکار ہوتی ہیں ان کے بچوں میں بھی وٹامن ڈی کی کمی ہوتی ہے ۔

چھوٹے بچوں کو کوئی خطرناک چیز منہ میں نہ ڈالنے دیں ۔ پیدائش کے چھ ماہ بعد بچے کو دودھ کے علاوہ دیگر نرم غذائیں شروع کرائی جائیں ۔ بچے کو دودھ کے علاوہ ملنے والی غذاء سمجھنے کیلئے دو سے تین ہفتے درکار ہوتے ہیں ۔ اکثر مائیں ہر روز نیا تجربہ کرتی ہیں ۔ اس سے بچے کنفیوز ہوجاتے ہیں بہتر ہے کہ ایک ہی غذاء دو سے تین ہفتے تک کھلائی جائے ۔ آٹھ ماہ بعد بچے کیلئے صرف ماں کا دودھ کافی نہیں ہوتا ۔ اسے نرم غذاء بھی درکار ہوتی ہے ۔ ماہرین کا کہنا ہیکہ دانت نکلنے سے قبل بچوں کے مسوڑھوں میں تکلیف ہوتی ہے ۔ انہیں کوئی بھی چیز چبانے سے سکون ملتا ہے ۔ اس لئے بچے ہرچیز کو منہ میں لے جانے کی کوشش کرتے ہیں ۔ اس طرح انہیں انفیکشن ہوسکتا ہے ۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق فیڈر کے استعمال سے بچہ ڈائریا کا شکار ہوجاتا ہے ۔ جو بچے دیر سے چلیں مائیں ان کی غذاء پر فوری توجہ دیں ۔وٹامن ڈی کی کمی کے سبب اکثر یہ مسائل ہوتے ہیں ۔