پٹنہ میں طاقتور بم دھماکہ

پٹنہ ۔ 31 ۔ مارچ : ( سیاست ڈاٹ کام): بہادر پورہ ہاوزنگ کالونی علاقہ کے ایک فلیٹ میں کل شب ایک طاقتور بم دھماکہ ہوا ۔ لیکن اس واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جب کہ پولیس نے بروقت 2 بموں کا پتہ چلاکر ناکارہ بنادیا ۔ سینئیر سپرنٹنڈنٹ پولیس جتندر رانا نے بتایا کہ سیکوریٹی ایجنسیاں یہ تحقیقات کررہی ہے کہ پٹنہ اور بودھ گیا میں 2013 کے سلسلہ وار دھماکوں سے اس کا کوئی تعلق تو نہیں ؟ انسپکٹر آگمکون پولیس اسٹیشن مسٹر ونئے شرما نے بتایا کہ مذکورہ فلیٹ میں 2 نوجوان غیر قانونی طریقہ سے قیام پذیر تھے ۔ شبہ ہے کہ یہ نوجوان بم تیار کررہے تھے ۔ بم دھماکہ کے ساتھ وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ جائے وقوع سے مزید 2 کار آمد بم دستیاب ہوئے جو کہ لوٹس برانڈ گھڑیال سے مربوط تھے ۔ اس برانڈ کی گھڑی ( واچ ) سال 2013 میں لوک سبھا الیکشن سے قبل بودھ گیا کے گاندھی میدان میں نریندر مودی کی ریالی میں دھماکہ کے لیے استعمال کی گئی تھی ۔ انٹلی جنس بیورو ٹیم نے آج MIG سیکٹر میں واقع فلیٹ کا دورہ کیا اور مقامی لوگوں سے اطلاعات حاصل کیں ۔ توقع ہے کہ نیشنل انوسٹیگیشن ٹیم بھی بہت جلد یہاں کا دورہ کرے گی جو کہ بودھ گیا کے دھماکوں کی تحقیقات کررہی ہے ۔۔

ممبئی میں 11لاکھ مکانات کی
تعمیر کا منصوبہ
ممبئی۔/31مارچ، ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت مہاراشٹرا ممبئی میں 11لاکھ مکانات اور ممبئی میٹرو پولیٹن ریجن میں 7لاکھ مکانات کی تعمیر کا منصوبہ رکھتی ہے جس میں 50فیصد مکانات آئندہ پانچ سال کے دوران مکمل کرلئے جائیں گے۔ ریاستی وزیر امکنہ مسٹر پرکاش مہتا نے ایوان میں ہاؤزنگ ڈپارٹمنٹ کیلئے بجٹ پر مباحث کا جواب دیتے ہوئے یہ اطلاع دی اور بتایا کہ وقت مقررہ میں مکانات کی تعمیر کو یقینی بنانے کیلئے ہاؤزنگ پراجکٹس کو از سر نو ترتیب دیا جائے گا۔