پٹروڈا کو اپنے ریمارکس پر شرمندہ ہونا چاہئے : راہول

کھنہ (پنجاب) 13 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی اور بی جے پی میں 1984 ء کے فسادات کے بارے میں سام پٹروڈا کے ریمارکس پر کانگریس کے خلاف اپنا حملہ جاری رکھا ہوا ہے، جس کے پیش نظر راہول گاندھی نے آج کہاکہ سینئر لیڈر کو خود شرمندہ ہونا چاہئے اور ملک سے معافی مانگنا چاہئے۔ راہول یہاں کانگریس امیدوار امر سنگھ کے حق میں انتخابی ریالی سے خطاب کررہے تھے۔ امر سنگھ کا مقابلہ فتح گڑھ صاحب (محفوظ) نشست کے لئے شرومنی اکالی دل کے امیدوار ڈی ایس گرو سے ہے۔ راہول نے اپنی تقریر کے اختتام میں کہاکہ جو کچھ سام پٹروڈا نے 1994 ء کے تعلق سے (مخالف سکھ فسادات) کہا، وہ بالکلیہ غلط ہے اور اُنھیں ملک سے معافی مانگنا چاہئے۔ میں یہ بات سرِ عام کہہ رہا ہوں اور میں نے یہی بات اُن سے فون پر بھی کہی ہے۔ پٹروڈا جی آپ نے جو کچھ کہا وہ بالکلیہ غلط ہے اور آپ کو خود شرمندہ ہونا چاہئے۔ آپ کو عوام سے معذرت خواہی کرنی چاہئے۔ چیف منسٹر پنجاب امریندر سنگھ بھی اِس موقع پر موجود تھے۔ بی جے پی نے انڈین اوورسیز کانگریس سربراہ کے ریمارکس کے بارے میں کانگریس کے خلاف جارحانہ مہم شروع کر رکھی ہے کیوں کہ 1984 ء کے مخالف سکھ فسادات پنجاب میں جذباتی مسئلہ ہے جہاں 19 مئی کو چناؤ مقرر ہیں۔