پٹرول کی قیمتوں میں چھٹے دن بھی گراوٹ

نئی دہلی۔ 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی سے مقامی مارکیٹ میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نرمی دیکھی جارہی ہے ۔ پٹرول کی قیمت میں منگل کو مسلسل چھٹے دن کمی آئی۔ ڈیزل بھی 20 سے 22 پیسے کم ہوا۔نریندر مودی حکومت کے دوسری مدت کے ابتدائی دور میں بین الاقوامی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رخ جاری ہے ۔ جمعرات کو خام تیل 70 ڈالر فی بیرل تھا جو پیر کے روز گھٹ کر 61 ڈالر فی بیرل پر آ گیا۔خام تیل کی قیمتوں میں کمی کو دیکھتے ہوئے آنے والے دنوں میں دونوں ایندھنو ںکے دام مزید کم ہوسکتے ہیں۔مسٹر مودی نے 30 مئی کو وزیر اعظم کے عہدے کا حلف لیا تھا۔ اس کے بعد سے آج تک ڈیزل 1.13 روپے اور پٹرول 64 پیسے فی لیٹر سستا ہو چکا ہے ۔ پٹرول کی قیمت میں آج ملک کے چار بڑے شہروں میں سات سے 13 پیسے اور ڈیزل میں 20 سے 22 پیسے کی کمی آئی۔