پٹرول ، ڈیزل کی قیمتوں میں مزید کمی

نئی دہلی،28نومبر(سیاست ڈاٹ کام)بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمتوں میں گراوٹ کے نتیجے میں ہندوستانی بازار میں چہارشنبہ کو پٹرول کے دام کمترین سطح پر پہنچ گئے ۔ اور ڈیزل کی قیمت بھی ساڑھے تین ماہ کے کمترین سطح پر آگئی۔خام تیل کی قیمتوں میں گراوٹ سے گھریلو بازار میں دونوں ایندھنوں کی قیمتوں میں چھٹے روز بھی کمی درج کی گئی۔ملک کے چار بڑے شہروں میں پٹرول 50سے 53پیسے اور ڈیزل 40سے 43پیسے سستے ہوئے ۔دہلی میں پٹرول کی قیمت 50پیسے گھٹ کر 73.57روپے فی لیٹر ہوگئی جو اس سال کے 31مارچ کے 73.55روپے کے بعد سب سے کم ہے ۔اس سال چار اکتوبر کے بعد پٹرول 10.43 روپے فی لیٹر سستا ہوچکا ہے ۔راجدھانی میں ڈیزل 41پیسے گھٹ کر68.49روپے فی لیٹر رہ گیا۔16اکتوبر کو ڈیزل 75.69روپے پہنچ گیاتھا،اس کے مقابلہ میں ڈیزل 7.20روپے فی لیٹر نیچے آگیا ہے ۔ڈیزل کا آج کا دام 6اگست کے 68.44روپے کے بعد سب سے کم ہے ۔عروس البلاد ممبئی میں پٹرول 4 اکتوبر کے 91.34روپے کے مقابلہ 12.22روپے گرکر 79.12روپے فی لیٹر رہ گیا۔ممبئی میں ڈیزل آج 42پیسے گھٹ کر 71.71روپے فی لیٹر رہ گیا۔کولکتہ اور چینائی میں پٹرول کی قیمت بالترتیب 75.57روپے اور 76.63روپے فی لیٹر رہی۔ دونوں میٹرو پولٹین میں ڈیزل کی قیمت بھی 40سے 43 پیسے کم ہوکر بالترتیب 70.34 روپے اور 72.34روپے فی لیٹر رہ گئی۔