پون کلیان کو کانگریس صدر سونیا گاندھی پر تنقید کرنے کا حق نہیں

اداکار ‘ چیف منسٹر اے پی چندرا بابو نائیڈو کے ہاتھ کا کھلونا : وی ہنمنت راؤ کا الزام
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : سکریٹری کل ہند کانگریس و سابق ایم پی مسٹر وی ہنمنت راؤ نے فلم اسٹار و جنا سینا پارٹی صدر مسٹر پون کلیان کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ انہیں پارٹی صدر مسز سونیا گاندھی پر تنقید کرنے کا اخلاقی نہیں ہے ۔ کاپو تحریک کو نقصان پہونچانے چندرا بابو نائیڈو انہیں  استعمال کررہے ہیں ۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ اس موقع پر صدر تلنگانہ کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ مسٹر محمد خواجہ فخر الدین بھی موجود تھے ۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ 2014 کے عام انتخابات میں تلگو دیشم اور بی جے پی کی تائید کرنے والے پون کلیان گذشتہ 2 سال سے مرکزی اور حکومت آندھرا پردیش کی ناکامیوں پر خاموش رہے ۔ سماجی انصاف کیلئے جدوجہد کرنے کا دعویٰ کرنے والے پون کلیان آندھرا پردیش میں صدر مقام امراوتی کے قیام کے لیے کسانوں سے زبردستی لاکھوں ایکڑ اراضی حاصل کی گئی تب خاموش رہے ۔ سڑکوں کی توسیع سے عوام سے نا انصافی ہوئی خاموش رہے ۔ کاپو طبقہ کو تحفظات فراہم کرنے کی جدوجہد ہوئی خاموش رہے ۔ دو سال سے مرکزی حکومت آندھرا کو خصوصی درجہ دینے میں ناکام رہی ۔ تلگو دیشم بھی خصوصی درجہ حاصل کرنے میں ناکام رہی تب بھی خاموش رہے ۔ کانگریس نے تقسیم آندھرا پردیش کے بل میں آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے کا وعدہ کیا ۔ 2 سال سے مرکزی حکومت ٹال مٹول کی پالیسی اختیار کررہی ہے جب کہ صدر کانگریس مسز سونیا گاندھی نے وزیر اعظم کو مکتوب روانہ کرکے اے پی کو خصوصی درجہ دینے کا مطالبہ کیا ۔ راہول گاندھی نے پارلیمنٹ میں اس کو موضوع بحث بنایا ۔ کانگریس کے رکن راجیہ سبھا کے وی پی رامچندر راؤ نے راجیہ سبھا میں خانگی بل پیش کیا جس کو حکومت کی جانب سے فینانس بل میں تبدیل کردیا گیا ۔ جب پارلیمنٹ اور راجیہ سبھا میں کانگریس کی جانب سے اے پی کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے کا مطالبہ کررہے تھے تب بی جے پی اور تلگودیشم کے ارکان پارلیمنٹ نے کانگریس کا ساتھ نہیں دیا ۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ فلموں میں ناکامی کے بعد پون کلیان سیاست میں قسمت آزمانے کی کوشش کررہے ہیں مگر جس طرح فلموں میں ناکام رہے اس طرح سیاسی میدان میں بھی ناکام رہیں گے ۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو آندھرا میں کاپو تحریک کو نقصان پہونچانے پون کلیان کو کھلونے کی طرح استعمال کررہے ہیں ۔