پون کلیان غلط رہنمائی کے باعث گمراہی کا شکار ،وزیر آئی ٹی اے پی نارا لوکیش کا ردعمل

حیدرآباد /30 مئی ( سیاست نیوز ) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی آندھراپردیش مسٹر این لوکیش نے جنا سینا پارٹی صدر مسٹر پون کلیان کے بعض ریماکس پر مناسب انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ پون کلیان کو چند افراد نہ صرف گمراہ کر رہے ہیں بلکہ غلط رہنمائی کر رہے ہیں ۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گردے کے مسائل پائے جانے والے علاقوں میں این ٹی آر سوجلا پلانٹس قائم کئے گئے ہیں اور 80 مواضعات میں 238 رہائشی علاقوں میں پینے کے پانی کا فراہم کیا جارہا ہے ۔ علاوہ ازیں 136 ریموٹ ڈسپنسنگ یونٹس قائم کئے جارہے ہیں ۔ مسٹر این لوکیش نے مزید بتایا کہ گذشتہ چار ماہ کے دوران 15 موبائل ٹیموں کے ذریعہ ایک لاکھ افراد کے اسکریننگ ٹسٹس کئے گئے اور چندرنا موبائل ویانس کے ذریعہ ڈیلائسیس خدمات انجام دی جارہی ہیں ۔ وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی نے کہا کہ سوم پیٹ کے مقام پر نیا لیاب قائم کیا گیا ۔ بالخصوص گردے کے مرض سے متاثرہ افراد کو 2500 روپئے پنشن دیا جارہا ہے ۔ مسٹر لوکیش نے حقائق سے واقفیت حاصل کرکے بات کرنے کا جنا سینا پارٹی صدر پون کلیان کو مشورہ دیا ۔