پولیس کی ہراسانی سے تنگ آکر نوجوان کی خودکشی

حیدرآباد 29 نومبر (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ میرچوک میں پولیس کی مبینہ ہراسانی سے تنگ آکر خواجہ حسن خاں نامی نوجوان نے خودکشی کرلی۔ سرقہ اور رہزنی کے معاملہ میں پولیس چارمینار کی جانب سے نوجوان سے پوچھ تاچھ جاری تھی اور پولیس نے بار بار طلب کرتے ہوئے اس نوجوان کو ہراسانی کا شکار بنایا۔ پولیس کی ہراسانی اور نہ کئے ہوئے جرم سے بدنامی سے دلبرداشتہ ہوکر آج شام خودکشی کرلی۔ متوفی کے رشتہ داروں کا الزام ہے کہ پولیس کارروائی میں نرمی کے لئے چارمینار کے کرائم عملہ کو ایک درمیانی شخص کے ذریعہ 65 ہزار روپئے کی رقم بھی دی گئی ہے باوجود اس کے خواجہ حسن کو پولیس کی جانب سے ہراساں کیا جارہا تھا۔ اس واقعہ کی اطلاع کے ساتھ ہی علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور پولیس کی کثیر تعداد حسن خاں کے مکان واقعہ بارہ امام گلی پہونچ گئی اور ڈی سی پی ساؤتھ مسٹر ستیہ نارائنا نے جائے مقام کا معائنہ کیا۔ تاہم پولیس نے متوفی کے افراد خاندان کی گھنٹوں ذہن سازی کرتے ہوئے شکایت اپنے حق میں کروانے کی کامیاب مساعی کرلی اور باوثوق ذرائع کے مطابق رات دیر گئے تک بھی پولیس میرچوک میں شکایت درج نہیں ہوئی تھی اور تمام متعلقہ پولیس افسران ڈی سی پی ساؤتھ زون کے دفتر میں موجود تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ سال 2013 ء میں ایک موٹر سیکل کا سرقہ ہوا تھا اور یہ موٹر سیکل 15 روز قبل عتیق نامی نوجوان سے چارمینار پولیس نے ضبط کی تھی جو موٹر سیکل اس نے متوفی خواجہ حسن خاں سے لی تھی جس کے بعد سے خواجہ حسن خاں کے خلاف ہراسانی کا آغاز ہوا۔ وقفہ وقفہ سے پولیس اسٹیشن طلب کرتے ہوئے اس متوفی نوجوان کو پریشان کیا جانے لگا جس کی شادی ہوئے دیڑھ سال کا ہی عرصہ گزرا تھا اور اسے 7 ماہ کی لڑکی بھی ہے۔ چارمینار پولیس اسٹیشن سے وابستہ ڈی ایس آئی راجہ ریڈی پر الزام ہے کہ اس عہدیدار نے رقم دینے کے باوجود بھی خواجہ حسن کو موٹر سیکل سرقہ کے معاملہ کے علاوہ دیگر مقدمات میں بھی پھانسنے کی دھمکی دی تھی۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون مسٹر ستیہ نارائنا نے بتایا کہ 35 سالہ خواجہ حسن خاں نے آج شام اپنے مکان میں خودکشی کرلی۔ انھوں نے بتایا کہ سال 2013 ء میں ایک موٹر سیکل کا سرقہ ہوا تھا اور یہ موٹر سیکل 15 روز قبل عتیق نامی نوجوان سے ضبط کی گئی اور یہ موٹر سیکل خواجہ حسن نے اسے دی تھی اور پولیس نے خواجہ حسن سے جب پوچھ تاچھ کی تو اس نے حامد کا نام بتایا اور کہاکہ اس نے حامد سے یہ موٹر سیکل اسے دی تھی۔ حامد جو فی الحال بیرون ملک ہے پولیس نے حامد سے بھی بات کی۔ تاہم حامد نے صاف طور پر انکار کرتے ہوئے موٹر سیکل سے لاتعلقی ظاہر کی۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ پولیس کے ڈی ایس آئی راجہ ریڈی اور کانسٹبل کریم پر الزامات پائے جارہے ہیں اور پولیس ان الزامات کی تحقیقات کرے گی اور خاطی عہدیداروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ رات دیر گئے انسپکٹر میرچوک مسٹر پی شیوا بھاسکر نے بتایا کہ پولیس نے خواجہ حسن کی خودکشی کے خلاف کرائم نمبر 187/16 دفعہ 306 کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے اور اس کیس میں حامد کے خلاف دفعات عائد کئے گئے ہیں۔ پولیس میرچوک مصروف تحقیقات ہے۔