پولیس کی تلاشی مہم کے دوران جعلی کرنسی چلانے والے افراد گرفتار

مشیر آباد کا لیڈیز ٹیلر دیگر خواتین کے ساتھ کرنسی پھیلا رہا تھا ، رقم برآمد
حیدرآباد ۔ 30 جنوری ۔ ( سیاست نیوز) ٹپہ چبوترہ پولیس نے جعلی کرنسی کے کاروبار میں ملوث چار افراد بشمول 3 خواتین کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈی لکشمی نارائنا ساکن مشیرآباد جو پیشہ سے لیڈیز ٹیلر ہے اپنے 3 ساتھیوں ای انیتا ، کے سریتا اور جی ہریکا کی مدد سے شہر میں جعلی کرنسی پھیلارہا تھا ۔ ٹپہ چبوترہ پولیس نے بتایا کہ پولیس نے تلاشی مہم کے دوران ٹپہ چبوترہ ٹی جنکشن کی سمت جانے والی ایک مشتبہ کار کو روک کر تلاشی لی جس میں جعلی کرنسی سے لدے 1000 روپئے کے نقلی نوٹ برآمد ہوئے ۔ تفتیش کے دوران حراست میں لئے گئے افراد نے بتایا کہ اس ٹولی کا سرغنہ سریناتھ ریڈی ہے اور اُس نے 1,24,000 روپئے مالیتی نقلی کرنسی لکشمی نارائنا کے حوالے کی تھی اور اسے ریاست کے مختلف مقامات میں چلانے کا مشورہ دیا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزمین چھوٹے کاروباریوں کو نقلی نوٹ حوالے کرکے سامان خریدا کرتے ۔ پولیس نے اُن کے قبضہ سے 36,000 روپئے نقلی کرنسی اور 45,820 اصلی نوٹس برآمد کرلئے اور کلیدی ملزم سریناتھ ریڈی کی پولیس کو تلاش ہے ۔