پولیس کی تلاشی مہم ‘ موٹر سائیکل سارقین کی ٹولی گرفتار

14 موٹر سائیکلیں ضبط ، ڈی سی پی ملکاجگری کا بیان
حیدرآباد ۔ /31 جولائی (سیاست نیوز) اپل پولیس نے تلاشی مہم کے دوران موٹر سیکل سرقہ کرنے والی ٹولی کو  بے نقاب کردیا اور تین افراد کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے 14 موٹر سیکلوں کو ضبط کرلیا ۔ جن کی مالیت تقریباً 5 لاکھ 15 ہزار بتائی گئی ہے ۔ اس خصوص میں پریس کانفرنس کے دوران ڈپٹی کمشنر آف پولیس ملکاجگری محترمہ رما راجیشوری نے بتایا کہ پولیس کی کرائم پارٹی نے تین علحدہ واقعات میں گرفتاریاں انجام دیں ۔ پولیس نے ایم راملو ‘ وی اشوک اور سائی کرشنا کو گرفتار کرلیا ۔ انہوں نے بتایا کہ 32 سالہ وی اشوک جو رامنتاپور علاقہ کا ساکن ہے ۔ کل اپنی موٹر سائیکل پر بوڈ اپل کے راستہ سے گزررہا تھا کہ کرائم پارٹی نے جو گاڑیوں کی تلاشی میں مصروف تھی  اشوک کو روک لیا ۔ پولیس ملازمین نے اشوک سے اپنا لائیسنس اور گاڑی دستاویزات بتانے کیلئے کہا ۔ تاہم اشوک دستاویزات کو دکھانے سے قاصر تھا اور پولیس نے شبہ ظاہر کرتے ہوئے اسے پولیس اسٹیشن منتقل کیا ۔ اور تفتیش کے دوران اس نے اپنے جرم کو قبول کرلیا ۔ پولیس نے اس کے قبضہ سے 6 موٹر سائیکلوں کو ضبط کرلیا ۔ جبکہ دوسرا سارق اپل چوراہے کے قریب پولیس کے ہاتھ لگا ۔ 40 سالہ ایم راملو جو رامنتاپور شاردھا نگر علاقہ کا ساکن تھا ۔ پولیس کی تلاشی مہم کے دوران پولیس کو سوالات کے جوابات نہ دے سکا اور دستاویزات بتانے میں ناکام رہا ۔ پولیس نے شبہ کی بنیاد پر راملو کو پولیس اسٹیشن طلب کرتے ہوئے تفتیش کی اور اس کے قبضے سے 7 موٹر سائیکلوں کو ضبط کرلیا ۔ پولیس اپل کی کرائم پارٹی نے اس طرح کی ایک اور کارروائی میں 19 سالہ سائی کرشنا کو گرفتار کرلیا جو ایم کے نگر عثمانیہ یونیورسٹی علاقہ کا ساکن تھا ۔ پولیس نے اس کے قبضہ سے ایک موٹر سیکل کو ضبط کرلیا اور گرفتار افراد کو عدالتی تحویل میں دے دیا ۔