پولیس کی تلاشی مہم ، نقد رقم ضبط

حیدرآباد ۔ /27 مارچ (سیاست نیوز) مجوزہ پارلیمانی انتخابات کے پیش نظر دونوں شہروں میں پولیس تلاشی میں شدت پیدا کردی گئی ہے اور کئی مقامات پر نقد رقومات ضبط کئے جارہے ہیں ۔ تازہ ترین کارروائی میں بیگم بازار پولیس نے تین مقامات پر تلاشی کے دوران 14 لاکھ 69 ہزار نقد رقم اور 28 تولے طلائی زیورات ضبط کرلئے ہیں ۔ انسپکٹر بیگم بازار پی سبیا کے بموجب پولیس نے الاسکا جنکشن اور قدیم بیگم بازار پولیس اسٹیشن کے قریب تلاشی کے دوران 32 سالہ راجیش سنگھ کے قبضے سے 7 لاکھ برآمد کئے جبکہ 30 سالہ شیخ مصباح ال کے قبضے سے 286 گرام طلائی زیورات پورنا رام ساکن آنند نگر ملک پیٹ کے قبضے سے 5 لاکھ اور 28 سالہ بھگوان ساکن عطا پور کے قبضے سے 2.69 نقد رقم برآمد کی ہے ۔