پولیس میں بھرتی : مفت ٹریننگ کیلئے اہلیتی امتحان کا انعقاد

نظام آباد:2؍ ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ہیومن ویلفیئر فائونڈیشن(HWF) تلنگانہ کی جانب سے سب انسپکٹران پولیس کے امتحان میں شرکت کرنے والے امیدواران کیلئے دی جانے والی مفت ٹریننگ پروگرام میں داخلوں کی غرض سے بروز اتوار31؍اگست کو ضلع مستقر نظام آباد پر اہلیتی امتحان رکھاگیا جس میں55طلباء نے شرکت کی کریسنٹ گرلز جونیئر کالج میں منعقد کردہ اس اہلیتی امتحان کی نگرانی ضلع انچارج فائونڈیشن جناب محمداسحاق حسین نے کی۔ اس موقع پرانہوںنے بتایاکہ مذکورہ امتحان میں نمایاں کامیابی دکھانے والے طلباء کا انتخاب کیاجاکر انہیں حیدرآباد میں ستمبر کے پہلے ہفتہ سے (۲)ماہ کی مفت تربیت فراہم کی جائے گی۔ جہاں پر امیدواران کیلئے مفت رہائش و طعام کا بھی انتظام رہے گا۔انہوںنے کہاکہ ریاست بھر سے (70)امیدواروں کو منتخب کیاجائے گا۔ انہوںنے مزید بتایاکہ مفت ٹریننگ کامقصد دراصل پولیس جائیدادوں میں مسلم امیدواروں کی زیادہ سے زیادہ بھرتی کو یقینی بناناہے۔ سابق میں بھی پولیس کانسٹبل کی جائیدادوں کے موقع پر دی گئی مفت تربیت کارآمدثابت ہوئی تھی۔ اس موقع پر احمد عبدالحلیم امیر مقامی جماعت اسلامی ہند شہرنظام آباد نے امتحانی مرکز کا دورہ کیا۔ علاوہ ازیں مولانا مرزا جاوید احمد بیگ عمری، احمد عبدالعظیم، رشید عارف ناظم شعبہ خدمت خلق ودیگر بھی موجود تھے۔