پولیس مخبر کے شبہ میں قاتلانہ حملہ

حیدرآباد۔/28فبروری، ( سیاست نیوز) پولیس کیلئے مخبری کے شبہ میں ایک آٹو ڈرائیور نے دوسرے آٹو ڈرائیور پر قاتلانہ حملہ کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 25سالہ عارف نے 32سالہ آٹو ڈرائیور سلیم پر آج رات چاقو سے حملہ کرکے اسے شدید زخمی کردیا۔ یہ واقعہ الجابری کالونی چھاؤنی نادعلی بیگ کے قریب پیش آیا۔ انسپکٹر رین بازار مسٹر جی رمیش نے بتایا کہ زخمی سلیم کو دواخانہ عثمانیہ روانہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ عارف کو یہ شبہ تھا کہ سلیم اس کے خلاف مقامی پولیس کو اس کی غیر قانونی سرگرمیوں کی مخبری کررہا ہے۔ اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور حملہ آور کی تلاش جاری ہے۔