پولیس لاٹھی چارج میں راجستھان یونیورسٹی کے طلباء زخمی

رکن اسمبلی پر حملہ کے خلاف پولیس کمشنریٹ کے گھیراؤ کی کوشش ناکام
جئے پور ۔ 30 ۔ ستمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : راجستھان یونیورسٹی کیمپس میں آج کم از کم 25 طلباء پولیس کے ساتھ تصادم میں زخمی ہوگئے ۔ جب کہ یہ طلباء ایک آزاد رکن اسمبلی ہنومان بینوال پر حملہ میں ملوث افراد کی گرفتاری کے مطالبہ پر احتجاج کررہے تھے ۔ یووا کسان چھاترا اکروش کے کنوینر مکیش بھاکر کی زیر قیادت یہ طلباء آج یونیورسٹی کیمپس میں اکھٹا ہوئے تاکہ 23 ستمبر کی شب رکن اسمبلی پر حملہ میں ملوث افراد کی گرفتاری کے مطالبہ پر پولیس کمشنریٹ کا گھیراؤ کیا جاسکے ۔ ایک پولیس عہدیدار نے یہ اطلاع دی اور بتایا کہ احتجاجی طلباء فی الفور کارروائی کا اصرار کرتے ہوئے پولیس عملہ پر سنگباری شروع کردی اور تقریبا 10 گاڑیوں بشمول بعض محکمہ پولیس کی گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا ۔ بعد ازاں پولیس نے پوچھ تاچھ کے لیے تقریبا 20 طلباء کو حراست میں لے لیا ۔ درین اثناء رکن اسمبلی ہنومان بینوال نے الزام عائد کیا کہ طلباء کی ریالی کو روکنے کے لیے پولیس نے ظلم و زیادتی سے کام لیا ہے اور پولیس کمشنریٹ کے گھیراؤ کی اجازت نہیں دی گئی ۔ ایس ایم ایس ہاسپٹل میں شریک زخمی طلباء سے ملاقات کے بعد انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی کے طلباء پرامن جلوس نکالنا چاہتے تھے لیکن پولیس حد سے زیادہ کارروائی کرتے ہوئے طلباء پر اندھادھند لاٹھی چارج کردیا جس میں 50 سے زائد طلباء زخمی ہوگئے ۔ رکن اسمبلی نے جھوٹوارا میں 23 ستمبر کی شب ان پر جو حملہ کیا گیا ہے ممکن ہے کہ یہ کرنی سینا کے اشرار ملوث ہوسکتے ہیں ۔