پولیس اہلکار کو معمولی ٹکر دینے پر انوکھی سزا

کراچی ۔ 21 اکتوبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی ایک عدالت نے آج ایک 34 سالہ شخص کو ایک پولیس اہلکار کو اپنی موٹر سائیکل سے معمولی ٹکر دینے پر انوکھی سزا سنائی جس کے مطابق ملزم کو ہر جمعہ کو دو گھنٹوں تک ایک ٹریفک سگنل پر ٹھہرنا ہوگا او راپنے ہاتھ میں ایک ایسا پلے کارڈ تھامنا ہوگا جس میں ٹریفک قوانین اور تیز رفتاری سے متعلق بیداری کے نکات درج ہیں۔ محمد قاسم کو 27 ستمبر 2015 ء کو سابق صدر پرویز مشرف کے کراچی سے گزرنے کے موقع پر وی وی آئی پی تحفظات کی بنیاد پر تعینات کئے گئے ایک کانسٹیبل کو ٹکر دینے کی پاداش میں یہ سزا سنائی گئی جس میں کانسٹیبل زخمی ہوگیا تھا ۔ ایک جوڈیشیل مجسٹریٹ نے قاسم کو مصروف ترین ایم اے جناح روڈ پر ایک پلے کارڈ تھام کر دو گھنٹے تک ہر جمعہ کو وہاں موجود رہنے کی سزا سنائی جس کا سلسلہ 11اکتوبر 2018 ء تک جاری رہے گا ۔ جج نے فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کے سامنے دو متبادل رکھے تھے کہ آیا وہ ٹریفک سگنل پر ٹھہرنا پسند کرے گا یا جیل جانا جس کے بعد ملزم نے اول الذکر کا انتخاب کرلیا۔ قاسم کی تیز رفتار ڈرائیونگ کی پانچ دیگر پولیس اہلکاروں نے بھی گواہی دی تھی ۔