پنجہ گٹہ کی ایک ہوٹل میں شرابی نے باؤنسر کو آگ لگادی

حیدرآباد ۔ /31 ڈسمبر (سیاست نیوز) پنجہ گٹہ کی ایک اسٹار ہوٹل میں پیش آئے ایک واقعہ میں ہوٹل سے باہر نکال دیئے جانے کے نتیجہ میں نشہ میں دھت تاجر نے باؤنسر کو جلادینے کی کوشش کی ۔ اس واقعہ میں دونوں جزوی طور پر جھلس گئے ۔ انسپکٹر پنجہ گٹہ مسٹر رویندر کے بموجب 32 سالہ رئیل اسٹیٹ تاجر سندیپ اپنے دوستوں کے ہمراہ کثرت سے شراب نوشی کے بعد رات دیر گئے ہوٹل انتظامیہ سے بدسلوکی کرنے لگا جس کے نتیجہ میں وہاں پر موجود باؤنسر منصور نے سندیپ کو ہوٹل سے باہر پھینک دیا ۔ برہم رئیل اسٹیٹ تاجر نے انتقامی کارروائی کے طور پر منصور پر پٹرول چھڑک کر اسے آگ لگادی ۔ اس واقعہ کے بعد اسٹار ہوٹل میں سنسنی پھیل گئی جبکہ وہاں موجود عملہ نے باؤنسر کو بچالیا لیکن وہ جزوی طور پر جھلس گیا ۔ اس واقعہ میں سندیپ بھی جزوی طور پر جھلس گیا جبکہ دونوں کو علاج کے لئے دواخانہ منتقل کیا گیا ۔ پولیس پنجہ گٹہ نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے ہوٹل کے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے تحقیقات کا آغاز کیا ہے ۔