پنجاب میں مقدس کتاب کی بے حرمتی کا واقعہ

عاپ رکن اسمبلی کی درخواست ضمانت منظور
سنگرور 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی نریش یادو کو آج مقامی عدالت نے مقدس کتاب کی بے حرمتی کے کیس میں ضمانت منظور کردی ہے جبکہ یہ واقعہ پنجاب کے مالیر کوٹلہ میں 24 جون کو پیش آیا تھا۔ عاپ لیگل سیل کے صدر ہمت سنگھ شیرگل نے بتایا کہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اے ایس ویرک نے نریش یادو کی درخواست ضمانت منظور کرلی ہے۔ قبل ازیں مالیر کوٹلہ عدالت نے 25 جولائی کو مہرولائی کے رکن اسمبلی کو صرف 2 یوم کے لئے پولیس تحویل میں دیا تھا اور 27 جولائی کو انھیں یکم اگسٹ تک جوڈیشیل ریمانڈ کردیا گیا تھا۔ یہ الزام عائد کرتے ہوئے کہ پرکاش سنگھ بادل کی زیرقیادت ریاستی حکومت نریش یادو کو غلط الزام میں پھنسایا ہے۔ رکن اسمبلی کے وکیل شیرگل نے کہاکہ مقدس کتاب کی بے حرمتی کیس میں نریش یادو کے ماخوذ ہونے کا کوئی ثبوت پولیس پیش نہیں کرسکی اور پولیس نے بادل حکومت کے اشارہ پر جھوٹا کیس دائر کیا ہے۔ واضح رہے کہ پنجاب پولیس نے 24 جولائی کو دہلی میں نریش یادو کو گرفتار کیا ہے۔ جب ایک گرفتار شدہ ملزم نے یہ ادعا کیا تھا کہ عاپ رکن اسمبلی کی ایماء پر مالیر کوٹلہ میں اس نے مقدس کتاب کی بے حرمتی کی ہے۔