پنجاب دھماکہ میں ملوث ہونے کے الزام کی پاکستان کی جانب سے تردید

اسلام آباد ۔ 22 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج ہندوستان کے ان الزامات کو مسترد کردیا کہ امرتسر کے دہشت گرد حملہ میں پاکستان ملوث تھا۔ اس حملہ میں تین افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ چیف منسٹر پنجاب امریندر سنگھ نے الزام عائد کیا تھا کہ اس حملہ میں جو دستی بم استعمال کیا گیا وہ پاکستانی ساختہ معلوم ہوتا تھا۔ 20 سے زیادہ افراد اس حملہ میں زخمی ہوگئے تھے۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا کہ دستی بم ان دستی بموں کے مماثل تھا جو پاکستان کی آرڈیننس فیکٹری میں تیار کئے جاتے ہیں۔ پاکستان کے دفترخارجہ کے ترجمان محمد فیصل نے امریندر سنگھ کے اس الزام کو مسترد کردیا۔