پنت موجودہ دور کے سہواگ: منجریکر

نئی دہلی۔11 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ٹیم کے ابھرتے ا سٹار رشبھ پنت کی تعریف کرتے ہوئے کمنٹیٹر سنجے منجریکر نے کہا ہے کہ پنت موجودہ نسل کے وریندر سہواگ ہیں اور ان کا کھیلنے کا طریقہ بھی ویسا ہی ہے۔منجریکر نے ٹوئٹر پر کہا کہ پنت کا انتخاب دوسری بنیاد پر کیا جانا چاہئے اور انہیں اسی طرح کھیلنے دینا چاہئے جس طرح وہ چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پنت موجودہ نسل کے سہواگ ہیں۔ ان کے ساتھ مختلف قسم کا رویہ ہونا چاہئے اور جس طرح سے وہ بیٹنگ کرتے ہیں انہیں کرنے دینی چاہئے۔ آپ یا تو ان کو منتخب کر سکتے ہیں یا انہیں ٹیم میں نہیں لے سکتے لیکن آپ انہیں تبدیل نہیں کر سکتے۔ پنت نے حال ہی میں 8 مئی کو کھیلے گئے ایلی منیٹر مقابلے میں میچ ونر اننگز کھیلتے ہوئے 21 گیندوں پر 49 رن بنائے تھے۔ ان کی اس اننگز کی بدولت دہلی کیپٹلس نے سن رائزرس حیدرآباد کو شکست دی تھی۔ آئی پی ایل کی تاریخ میں دہلی پہلی بار باہر مقابلہ جیتی ہے۔ آئی پی ایل میں پنت نے 15 میچوں میں 37.5 کی اوسط اور 163.63 اسٹرائک ریٹ سے 450 رنز بنائے ہیں۔ انہوں نے ٹورنمنٹ میں تین نصف سنچری بھی لگائی ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ 30 مئی سے انگلینڈ میں ہو رہے ورلڈ کپ کے لئے معلنہ 15 رکنی ٹیم میں پنت کو جگہ نہیں دی گئی ہے۔ ٹیم میں دوسرے وکٹ کیپر کے طور پر دنیش کارتک کو بہتر کیپنگ کی وجہ سے جگہ دی گئی ہیں۔ بی سی سی آئی کے صدر ایم ایس کے پرساد نے پنت کے ورلڈ کپ میں منتخب نہیں کئے جانے پرکہا کہ دھونی کے زخمی ہونے پر پنت یا کارتک میں سے کسی ایک کو منتخب کیا جانا تھا لیکن اہم مقابلوں میں وکٹ کیپنگ بھی انتہائی ضروری ہے جس کی وجہ سے کارتک کو ٹیم میں منتخب کیا گیا۔