پناہ گزین بحران : ٹرمپ انتظامیہ کا جج کے حکم کو چیلنج کرنے کا فیصلہ

واشنگٹن، 28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی انتظامیہ ملک کی جنوبی سرحد سے آنے والے غیر قانونی پناہ گزینوں کے بارے میں صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے فیصلہ پر عارضی روک لگانے کے وفاقی عدالت کے فیصلے کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔امریکہ کے محکمہ انصاف نے منگل کو جاری بیان میں اطلاع دی کہ وفاقی عدالت کے فیصلہ کو نویں سرکٹ کورٹ آف اپیلز میں چیلنج کیاجائے گا۔اس ماہ کے آغاز میں وفاقی عدالت نے مسٹر ٹرمپ کے پناہ گزینوں سے متعلق فیصلہ پر عارضی طور پر روک لگا دی تھی۔ مسٹر ٹرمپ نے جنوبی سرحد کو غیر قانونی طور پر پار کرکے آنے والے مہاجرین کو پناہ دینے سے انکار کر دیا تھا،جس کے بعد اس فیصلہ کو وفاقی عدالت میں چیلنج کیا گیا۔ سان فرانسسکو میں ہونے والی سماعت کے بعد جج جان ایس ٹیگر نے امریکی حکومت کے فیصلہ پر عارضی طور پر روک لگا دی۔ مسٹر ٹرمپ کے فیصلہ کو امریکن سول لبرٹیز یونین اور سینٹر فار کنسٹیٹیوشنل رائٹس نے چیلنج کیا تھا۔قابل ذکر ہے کہ امریکی حکومت نے 9 نومبر کو حکم جاری کرکے کہا تھا کہ جنوبی سرحد پار کر کے آنے والے لوگوں کو ملک میں پناہ نہیں دی جائے گی۔