پناہ گزینوں کے درمیان دہشت گردوں کی موجودگی افسوسناک : مرکل

برلن۔31 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) جرمنی کی چانسلر انجیلا  مرکل نے اپنے ہموطنوں پر زور دیا ہے کہ وہ ’’نفرت کے جذبے سے بھرپور قاتلوں‘‘ کا مقابلہ کرنے کیلئے پورے عزم کے ساتھ ڈٹ جائیں اور برلن میں پیش آنے والے واقعے کے بعد بھی جمہوری اقدار سے دست بردار نہ ہوں۔ یہ بات انہوں نے نئے سال کی آمد پر اپنے خصوصی خطاب میں کہی جو جرمن ٹی وی پر ہفتے کی شام نشر کیا جائے گا۔ جرمن چانسلر نے اس بات کا اقرار کیا کہ 2016 کا سال ایک ’’مشکل امتحان‘‘ ثابت ہوا جس کے دوران داعش تنظیم کی جانب سے ملک میں مختلف حملوں کی کارروائیاں دیکھنے میں آئیں۔مرکل نے مزید کہا کہ ’’پناہ گزینوں کے درمیان دہشت گردوں کی موجودگی ایک تکلیف دہ اور انتہائی نا خوشگوار امر ہے۔ یہ لوگ اپنی افعال سے جرمنی کے امداد کے جذبے اور ان لوگوں کے ساتھ سنگین مذاق کر رہے ہیں جن کو ہماری جانب سے تحفظ اور مدد کی ضرورت ہے‘‘۔ مرکل نے اپنے خطاب میں اس بات کا بھی وعدہ کیا کہ حکومت سکیورٹی اصلاحات کے نفاذ کیلئے کوشاں ہے۔برلن حملے نے سکیورٹی حکام کی ناکامی کو بے نقاب کر دیا جنہوں نے تیونس سے تعلق رکھنے والے انیس العامری کو پکڑنے میں دلچسپی نہیں دکھائی جب کہ اس بات کے کئی شواہد موجود تھے کہ مذکورہ شدت پسند کسی حملے کی تیاری کیلئے کوشش کر رہا ہے۔