پناما پیپرس: ضمنی معاملات پر نواز شریف کا اعتراض مسترد

اسلام آباد ۔ 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی ایک احتسابی عدالت نے ملک کے سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے ان کے اور ان کے ارکان خاندان کے خلاف ایک ضمنی معاملہ درج کئے جانے پر اعتراضات کرنے کی ایک درخواست کو مسترد کردیااور فیصلہ کیاکہ اوانفیلڈ فلیٹس معاملات میں اس ضمنی معاملہ کو بھی بطور ریکارڈ شامل کیا جائے گا۔ یاد رہیکہ 22 جنوری کو ملک کی قومی احتسابی بیوریو (NAB) نے عدالت کے رجسٹرار کے پاس ایک ضمنی معاملہ بھی درج کروایا تھا جو شریف اور ان کے ارکان خاندان کے خلاف پہلے ہی معاملات کی سماعت کررہا ہے جن میں شریف کے علاوہ ان کے دونوں بیٹے حسن اور حسین، بیٹی مریم اور داماد صفدر کو مبینہ بدعنوانیوں کے تین معاملات میں ماخوذ کیا گیا ہے۔ ان تمام معاملات کا تعلق پناما پیپرس اسکینڈل سے ہے جس نے 68 سالہ نواز شریف کو جو پاکستان کے تین بار وزیراعظم رہ چکے ہیں، مستعفی ہونے پر مجبور کردیا تھا۔ اسلام آباد کی عدالت میں نواز شریف نے آج بیٹی مریم اور داماد صفدر کے ساتھ 15 ویں بار حاضری دی۔