پناما معاملے میںنواز شریف کو عہدہ چھوڑنے کا انتباہ

لاہور،21مئی(سیاست ڈاٹ کام)پاکستان کے سپریم کورٹ اورلاہور ہائی کورٹ کے وکیلوں نے پناما افشاء  معاملے میں وزیراعظم نواز شریف کو سات دن کے اندر عہدہ چھوڑنے کا انتباہ دیا ہے ۔وکیلوں نے کہا ہے کہ اگر وزیراعظم پناما افشائمعاملے میں سات دن کے اندر اقتدار نہیں چھوڑتے تو وہ ان کے خلاف ملک گیرمہم شروع کریں گے ۔سپریم کورٹ بار اسوسی ایشن اور لاہور ہائی کورٹ بار اسو سی ایشن نے اس بات کا اعلان کیا۔دونوں بار اسوسی ایشن کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ،”دونوں بار اسوسی ایشن کا خیال ہے کہ پناما افشاء معاملے میں سپریم کورٹ کے حکم کے پیش نظر وزیراعظم نواز شریف کواب اپنے عہدے پر برقرار نہیں رہنا چاہئے اور استعفیٰ دے دینا چاہئے ۔”بیان میں کہا گیا ہے کہ پناما معاملے نے اس بات کا واضح اشارہ دیا ہے کہ شریف اور ان کے بچوں نے مالی بے ضابطگیاں اور بدعنوانی کیں جس کی جانچ کے لئے جے آئی ٹی کی تشکیل دی گئی ہے ۔اسی دوران ہفتہ کو سپریم کورٹ بار اسی سی ایشن اور لاہور ہائی کورٹ بار اسو سی ایشن کے وکیلوں کی پاکستان مسلم لیگ(نواز)کے حامیوں سے جھڑپیں بھی ہوگئیں ۔اس سے پہلے اپریل میں بھی لاہور ہائی کورٹ بار اسوسی ایشن نے مسٹر شریف کو عہدہ چھوڑنے کا انتباہ دیاتھا۔