پلوامہ واقعہ پر فوج سے اظہار یگانگت، وزیر داخلہ محمود علی سالگرہ نہیں منائیں گے

حیدرآباد۔/27 فروری، ( سیاست نیوز) کشمیر کے پلوامہ میں ہوئے دہشت گرد حملہ کے پیش نظر فوج سے ہمدردی و اظہار یگانگت کرتے ہوئے ریاستی وزیر داخلہ نے اپنی سالگرہ تقریب منانے سے انکار کردیا۔ ریاستی وزیر داخلہ مسٹر محمود علی کے دفتر سے جاری کردہ بیان کے مطابق انہوں نے اپنے حامیوں سے خواہش کی کہ وہ ان کی سالگرہ تقریب کو نہ منائیں چونکہ فوج پر ہوئے حملہ سے وہ کافی غم و صدمہ کا شکار ہیں جس میں 40 فوجیوں کی ہلاکت ہوئی۔ محمود علی نے بتایا کہ وہ فوجیوں کے افراد خاندان کے غم میں شامل ہیں اور اس نازک موقع پر انہیں گوارہ نہیں کہ وہ اپنی سالگرہ تقریب کی خوشیوں کو منائیں۔ بتایا جاتا ہے کہ 2 مارچ کو محمد محمود علی کی سالگرہ ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل چیف منسٹر ریاست تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے بھی پلوامہ دہشت گرد حملہ کے پیش نظر 17 فروری کو اپنی سالگرہ تقریب نہیں منائی اور پارٹی کارکنوں ، قائدین اور حامیوں کو باضابطہ تقریب و خوشیاں منانے سے انکار کرتے ہوئے احکامات جاری کئے تھے۔