پلوامہ میں احتجاجی ریالی پاکستانی پرچم لہرائے گئے

سرینگر ۔ /31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وادی کشمیر میں حالیہ بدامنی کے دوران ہلاک عسکریت پسندوں اور عام شہریوں کو خراج پیش کرنے کے مقصد سے علحدگی پسند تنظیموں نے ضلع پلوامہ میں ریالی منظم کی ۔ اس موقع پر پاکستانی پرچم لہرائے گئے اور موافق عسکریت پسند نعرے لگائے گئے ۔ سخت گیر حریت کانفرنس لیڈر سید علی شاہ گیلانی ، اعتدال پسند لیڈر میر واعظ عمر فاروق اور جے کے ایل ایف صدر نشین یٰسین ملک کے اعلان پر پلوامہ کے کریم آباد قبرستان میں ہزاروں افراد جمع ہوئے ۔ احتجاجی اس ریالی میں پاکستانی پرچم لہراتے ہوئے موافق عسکریت پسند نعرے لگارہے تھے ۔ سوشیل میڈیا پر ویڈیوز تیزی سے پھیل گئے ۔ غیرمصدقہ اطلاعات کے مطابق ریالی میں چند عسکریت پسند بھی موجود تھے ۔ تاہم پولیس کو اس کا کوئی ثبوت نہیں ملا ۔