پلنکٹ بال ٹمپرنگ کے الزامات سے بری

دبئی ۔13 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے انگلینڈ کے فاسٹ بولر لیام پلنکٹ کو پاکستان کے خلاف دوسرے میچ میں مبینہ ٹمپرنگ کے الزامات سے بری کردیا ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ‘آئی سی سی تصدیق کرتی ہے کہ میچ انتظامیہ کو لیام پلنکٹ کی جانب سے گیند سے چھیڑ چھاڑ پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ میچ انتظامیہ کو گزشتہ میچ کے دوران ہر اوور کے بعد گیند کے جائزے سے کوئی ثبوت نہ ملنے پر الزامات کے حوالے سے کوئی اعتراض نہیں ہے۔آئی سی سی کے بموجب لیام پلنکٹ نے میچ کے بعد بال ٹمپرنگ کے حوالے سے لگائے گئے الزامات پر معاملہ انتظامیہ کے سامنے اٹھایا تاہم دونوں امپائروں کرس گیفنے اور پال ریفل نے میچ ریفری رچی رچرڈسن سے مشاورت کے ساتھ مل کر معاملے کو یہی پر ختم کردیا۔ انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان دوسرا میچ ساوتھمپٹن میں کھیلا گیا تھا ۔