پلاسٹک کے قومی ترنگوں کے استعمال پر پابندی کی درخواست

ممبئی ۔ 30 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی ہائیکورٹ نے آج حکومت مہاراشٹرا کو یہ ہدایت دی ہے کہ پلاسٹک تیار کردہ قومی ترنگا کی خرید و فروخت اور استعمال پر پابندی کیلئے ایک جامع پالیسی وضع کرے۔ جسٹس این ایم پاٹل اور وی ایل اچھالیہ پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے ہندوجاگرتی سمیتی کی داخل کردہ ایک مفاد عامہ کی درخواست کی سماعت کی جس میں پلاسٹک سے تیار کئے گئے قومی پرچم کی خرید و فروخت اور اس تعمال پر پابندی سے متعلق اگست 2007 ء کے سرکیولر پر عمل آوری کی استدعا کی گئی ہے ۔ درخواست میں یہ شکایت کی گئی کہ یوم جمہوریہ ، یوم آزادی تقاریب کے بعد قومی پرچم سڑکوں اور نالیوں میں پائے جاتے ہیں ۔ ہائی کورٹ نے آج ریاستی حکومت سے کہا کہ عوام میں یہ شعور بیدار کریں کہ اس طرح کے پرچم خریدیں اور نہ ہی پھینکیں اور اس خصوص میں ایک جامع پالیسی وضع کر کے عدالت کو مطلع کریں تاکہ قومی ترانہ کی طرح قومی ترنگا کا احترام کیا جاسکے۔ ہائی کورٹ بنچ نے اس معاملہ پر آئندہ سماعت کی تاریخ 27 اپریل مقرر کی ہے ۔