پلاسٹک اشیاء تیار ساز کمپنی میں آتشزدگی

کوئی جانی نقصان نہیں ، قریبی رہائشی علاقوں میں سنسنی
حیدرآباد۔ 26 مئی (سیاست نیوز) سائبرآباد کے علاقہ مائیلاردیو پلی کاٹے دھن صنعتی علاقہ میں پیش آئے آتشزدگی کے واقعہ میں پلاسٹک اشیاء تیاری کرنے والا کارخانہ جل کر خاکستر ہوگیا۔ اس حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ آج صبح پلاسٹک اشیاء تیاری کرنے والے کارخانہ میں اچانک آگ لگ جانے کے بعد مقامی افراد نے فوری مائیلاردیو پلی پولیس کو آگاہ کیا جس کے نتیجہ میں فائر انجن کے عملہ کو جائے حادثہ پر طلب کرلیا گیا۔ اس واقعہ کے بعد پلاسٹک کارخانہ سے متصل رہائشی علاقہ میں سنسنی پھیل گئی ۔ بعدازاں اندرون دو گھنٹے آگ پر قابو پالیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس راجندر نگر کے اشوک چکرورتی نے امکان ظاہر کیا کہ شارٹ سرکٹ کے نتیجہ میں یہ واقعہ پیش آیا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کل رات دیر گئے پلاسٹک اشیاء تیاری کرنے والے کارخانہ میں وہاں کے ملازمین نے کام کرنے کے بعد کارخانہ کو مقفل کردیا تھا۔ نقصان کا اندازہ لگایا جارہا ہے۔