پشاور میں ملالہ کی کتاب کی رسم اجرائی سکیورٹی خدشے پر ملتوی

پشاور ، 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پشاور میں ملالہ یوسف زئی کی کتاب کی تقریب رونمائی امن و امان کے پیش نظر ملتوی کردی گئی ۔ آصفہ زرداری کا کہنا ہے کہ ہمارے بولنے اور اظہار رائے کی آزادی کہاں ہے؟ جبکہ عمران خان کہتے ہیں کہ سمجھ نہیں آرہا ملالہ کی کتاب کی رونمائی کیوں روکی گئی۔ ’آئی ایم ملالہ‘ کی تقریب رونمائی باچا خان فاؤنڈیشن کے تحت پشاور یونیورسٹی کے ایریا اسٹڈی سنٹر میں آج مقرر تھی۔پشاور یونیورسٹی کے ذرائع نے ’جیو نیوز‘ کو بتایا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے سکیورٹی فراہم کئے جانے سے معذرت کے بعد تقریب منسوخ کردی گئی۔

ایریا اسٹڈی سنٹر کے ذرائع کاکہنا ہے کہ صوبائی وزراء عنایت اللہ خان اور شاہ فرمان نے تقریب ملتوی کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ تقریب منسوخ کرنے پر آصفہ زرداری نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں تحریک انصاف کی حکومت کے رویے کومایوس کن قرار دیتے ہوئے اسے سنسرشپ قرار دیا اور کہا کہ ہمارے بولنے اور اظہار رائے کی آزادی کہاں ہے؟ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کتاب کی تقریب رونمائی ملتوی ہونے پر برہم ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتی ہے۔