پستہ ہاؤز ایم ڈی محمد عبدالمجید کے فرزند کی آج مثالی شادی، دیگر کیلئے قابل تقلید

مسجد میں نکاح کے بعد وہیں پر تقریب کا اختتام، ولیمہ میں سادگی، اخراجات غریب و نادر لڑکیوں کیلئے مختص
حیدرآباد۔/30اگسٹ، ( سیاست نیوز) سماج میں پھیلنے والی برائیوں کے خاتمہ کیلئے اگر سماج کے بااثر طبقات کی جانب سے کوششیں کی جاتی ہیں تو اس کے مثبت نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔ جناب محمد عبدالمجید منیجنگ ڈائرکٹر پستہ ہاؤز نے نکاح کے دوران ہونے والے خرافات کو دور کرنے کیلئے جو اقدام کیا ہے وہ نہ صرف قابل تقلید ہے بلکہ قابل ستائش بھی ہے۔ جناب محمد عبدالمجید منیجنگ ڈائرکٹر پستہ ہاوز کے فرزند جناب محمد عبدالمحسی ( ایم بی اے ) کی نکاح تقریب اتوار 31اگسٹ کو جامع مسجد دارالشفاء میں بعد نماز مغرب مقرر ہے۔ یہ تقریب انتہائی سادگی کے ساتھ منعقد ہوگی اور نکاح تقریب کا اختتام مسجد میں ہی ہوجائے گا۔ اس سلسلہ میں کوئی استقبالیہ ترتیب نہیں دیا جائے گا۔ علاوہ ازیں دعوت ولیمہ کے تعلق سے انہوں نے دعوت نامہ میں یہ واضح کردیا ہے کہ تقریب ولیمہ بھی انتہائی سادگی و سنت کے مطابق افرادِ خاندان کی موجودگی میں گھر پر ہی منعقد ہوگی۔ دعوت نامہ میں اس بات کی بھی وضاحت کی گئی ہے کہ اس ولیمہ پر جو کچھ خرچ کا ارادہ کیا گیا تھا مکمل رقم غریب و نادار لڑکیوں کی شادیوں پر خرچ کی جائے گی۔ جناب محمد عبدالمجید کے بڑے بھائی الحاج محمد سعید الدین کی نگرانی میں ہونے والی یہ نکاح تقریب انتہائی سادہ ہوگی اور توقع ہے کہ اس نکاح تقریب و ولیمہ تقریب کے انعقاد کے طریقہ کار کو دیکھنے کے بعد دیگر احباب کو بھی اس بات کی ترغیب حاصل ہوگی۔